زہریلی گیس پھیلنے کا سبب بنے والے جہاز کو پورٹ قاسم منتقل کردیا گیا جبکہ بندرگاہ سے متصل علاقہ مکینوں نے نقل مکانی شروع کر دی ،

621

کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس سے اموات سویابین لانے والے امریکی جہاز ہرکولیس سے گیس پھیلنے کی وجہ سے ہوئیں، سویابین لانے والا ہرکولیس جہاز کراچی پورٹ پر لنگر انداز تھا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس پھیلنے کا سبب بننے والا ہرکولیس جہاز کراچی پورٹ پر لنگر انداز تھا، سویابین منتقلی کی کے پی ٹی کی کرینیں ٹھیک طرح سے ڈھکی نہیں تھیں۔ذرائع نے بتایاکہ پورٹ قاسم پر سویابین منتقلی کی کرینیں مکمل طور پر ڈھکی ہوتی ہیں، سویابین ذرات کا پھیلا ﺅکے پی ٹی کی کرینوں کی وجہ سے ہوا۔

ماہرین کے مطابق سویابین جیسی اجناس کی کارگو ہینڈلنگ آبادی سے دور کی جاتی ہے، سویابین ذرات کے پھیلاﺅ کا ذمہ دار کارگو جہاز نہیں ہے اس میں کے پی ٹی کی غفلت ہے۔دوسری جانب کیماڑی کی آر جی ریلوے کالونی میں خوف کی فضا برقرار ہے، علاقہ مکینوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے، ریلوے کالونی میں 400 سے زائد کوارٹرز ہیں جن میں سے 300 خالی ہوچکے ہیں۔

سندھ انوارومنٹل پروٹیکشن ایجنسی میں ہوا میں مضر ذرات کی نشاندہی کرنے والے آلات 10 سال سے غیرفعال ہیں، جس کے باعث صوبائی ماحولیاتی ایجنسی کو جان لیوا گیس سے متاثرہ علاقے میں سیمپلنگ کے لیے نجی تنظیموں پر انحصار کرنا پڑرہا ہے۔

نجی فضائی مانیٹرنگ ایپس کئی دنوں سے کراچی کا فضائی معیار آلودہ بتارہی ہیں، کیماڑی کے اطراف کے علاقوں میں شہریوں کو ماسک کے استعمال اور گھروں اور گاڑیوں کی کھڑکیاں بند کرنے کا مشورہ دیا جارہا ہے۔