آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے ڈی آئی جی پولیس سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروس ڈویڑن کو پی ایس ایل میچز کی سیکیورٹی کے سخت احکامات جاری کر دیے

122

کراچی (اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام اور ڈی آئی جی پولیس سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروس ڈویڑن مقصود احمد کی ہدایات پر 20فروری 2020 بروز جمعرات سے کراچی میں شروع ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے میچز کے سلسلے میں پولیس سیکیورٹی اینڈ ایمر جنسی سروس ڈویڑن نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے اشتراک سے مربوط سیکیورٹی پلان مرتب کر لیا ہے۔

سیکیورٹی پلان متعلقہ اداروں، تمام زونل ڈی آئی جی پیز، پاکستان رینجرز، پی سی بی اور دیگر تمام اداروں سے مشاورت کے بعدتیار کیا گیاہے۔سیکیورٹی پلان کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی،ایئر پورٹ، روٹ، پارکنگ ایریا، ہوٹلز اور دیگر تمام مقامات پر696 ایس ایس یو کمانڈوز بشمول 33 لیڈی کمانڈوز دیگرقانون نافذکرنے والے اداروں کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں گے، جبکہ ماہرنشانہ باز بھی حساس مقامات پر تعینات کیے جائیں گے۔

مزید برآں 2 ایس پیز،8ڈی ایس پیز اور 33این جی اوز بھی اپنے فرائض انجام دیں گے۔جبکہ 40 ایس ایس یوگاڑیو ں کے ہمراہ کیمروں سے لیس 30 پولیس موبائلز بھی مختلف مقامات پر سیکورٹی ڈیوٹی پر مامور کی جائیں گی۔ مزید برآں ایس ایس یوکی اعلیٰ تربیت یافتہ اور جدید اسلحہ سے لیس کمانڈوزبشمول خواتین کمانڈوزپر مشتمل ملک کی پہلی اسپیشل ویپن اینڈٹیکٹکس (S.W.A.T) ٹیم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹر میں تیار رہے گی۔اس کے علاوہ ایس ایس یو کے اہلکار پارکنگ مقامات کے علاوہ اسٹیڈیم کے داخلی راستوں پر ٹریک سوٹ میں عوام کی رہنمائی کے لیے فرائض انجام دیں گے۔