گیس میٹرز پر تالے لگا کر عوام کو لوٹنے والے گروہ کے کارند ے کو شہریوںنے پکڑلیا ،

339

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں گیس میٹرز پر تالے لگا کر عوام کو لوٹنے والے گروہ کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی، علاقہ مکینوں نے جعل ساز کو پکڑ لیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں گیس میٹرز پر تالے لگا کر عوام سے ہزاروں روپے ہڑپنے والا گروپ متحرک ہے، یہ گروپ گیس میٹر پر تالا لگا کر عوام سے پیسے وصول کرتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق پہلے یہ گروپ رات میں کارروائی کرتا تھا اب بے خوف ہو کر دن میں بھی کارروائی شروع کر دی ہے، گروہ نے ایک کارروائی ڈرگ کالونی میں بھی جب گروہ کا کارندہ جعلی بل کے ساتھ تالے بھی لایا اور خود کو ایس ایس جی سی کا نما ئندہ ظاہر کرتا رہا۔کارندے کے پاس کمپنی کارڈ نہیں تھا اور جعلی بل کی فوٹو کاپی دکھا کر 18 ہزار روپے کا مطالبہ کرتا رہا،

جبکہ گیس صارف کا اوریجنل بل صرف 3 ہزار 607 روپے تھا، تاہم گھر کی خواتین کے شور مچانے پر علاقہ مکینوں نے جعل ساز کو پکڑ لیا۔ جعل ساز کے پاس تالوں سے بھرا بیگ بھی موٹر سائیکل پر موجود تھا۔منظرعام پر آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں جعل ساز کا چہرہ بھی واضح ہے، موٹر سائیکل کا نمبر بھی نظر آ رہا ہے، جعلی بل لانے والے شخص نے لوگوں کو دکھانے کے لیے موبائل پر کسی سے بات بھی کی۔

خیال رہے کہ ماضی میں بھی ایسے واقعات ہوتے رہے ہیں لیکن ان پر ایس ایس جی سی نے کوئی اقدام نہیں اٹھایا، شہریوں نے اس شبہے کا بھی اظہار کیا کہ کیا ایس ایس جی سی میں موجود کوئی گروہ اس میں ملوث ہے؟ کیوں کہ ایس ایس جی سی کی خاموشی کے سبب کئی لوگ ہزاروں روپے گنوا چکے ہیں۔