پاکستان سپر لیگ کی انعامی رقم 10 لاکھ ڈالرز مختص

182

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشیا کپ 2008ء کے بعد پاکستان میں سب سے بڑے کرکٹ میلہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020ء میں10 لاکھ امریکی ڈالرز مالیت کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔ ایونٹ کا فائنل 22 مارچ کو قذافی ا سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ فائنل کی فاتح ٹیم ایونٹ کی چمچماتی ٹرافی کے ہمراہ 5 لاکھ امریکی ڈالر زکی حقدار ٹھہرے گی۔ ایونٹ کی رنرز اپ ٹیم 2 لاکھ امریکی ڈالرز کی انعامی رقم وصول کرے گی۔ اس کے علاوہ ایونٹ کے دوران ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا جائے گا۔ ایونٹ میں کل34 میچز کھیلے جائیں گے۔ ہر میچ کا بہترین کھلاڑی 4500 امریکی ڈالرز پر مشتمل انعامی رقم وصول کرے گا۔80 ہزار امریکی ڈالرز مالیت کی انعامی رقم ایونٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین بیٹسمین، بہترین بولر اور ا سپرٹ آف کرکٹ کے ایوارڈز جیتنے والوں میں برابری کی بنیاد پر تقسیم ہوگی۔ باقی ماندہ انعامی رقم ٹورنامنٹ کے دوران بہترین کیچ، بہترین رن آئوٹ اور سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑیوں کیلئے مقررہ انعامات کی مد میں تقسیم کی جائے گی۔ 34 میچز پر مشتمل 32 روزہ ایونٹ پی ایس ایل5 ایشیا کپ 2008 کے بعد پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ ہے۔