پی ایس ایل کا انعقاد بڑی کامیابی ہے ،فوادرانا

169

کراچی (اے پی پی) پی ایس ایل کے تمام میچز کا ملک میں انعقاد بہت بڑی کامیابی ہے، پی ایس ایل کی واپسی سے قومی کھلاڑی اپنے مداحوں کے سامنے کھیل سکیں گے، غیر ملکی کھلاڑیوں کے لئے بھی یہ بالکل مختلف تجربہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار پی ایس ایل کی فرنچائز لاہور قلندرز کے چیئرمین فواد رانا اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے چیئرمین ندیم عمر نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لاہور قلندرز کے چیئرمین فواد رانا نے کہا کہ پوری دنیا میں کرکٹ کے حوالے سے بھی پاکستان کا نام پہچانا جاتا ہے اور پی ایس ایل کے تمام میچز کا ملک میں انعقاد بڑی کامیابی ہے، اس سے پوری دنیا کو پیغام جائے گا کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے، غیر ملکی کھلاڑی یہاں آکر پاکستان کی میزبانی دیکھیں گے اور جب وہ واپس جائیں گے تو بہت اچھا امیج ساتھ لے کر جائیں گے اور یہ ماضی میں کھلاڑیوں اور ٹیموں کے حوالے سے پیش آنے والی مشکلات کو دور کرنے میں کافی حد تک مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کی فرنچائز کے مالکان4 سال سے اس پروڈکٹ میں سرمایہ کاری کررہے ہیں اور ان کی اس میں بہت زیادہ شراکت داری ہے، پاکستان آنے والے غیرملکی کرکٹرز کو ملک کی مختلف ثقافت کے بارے آگاہی دینی چاہئے اور مختلف پروگرام کرنے چاہیئں تاکہ وہ اپنے اپنے ممالک میں پاکستان کا ایک اچھا امیج لے کر جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو صرف ہوٹل تک محدود نہیں کرنا چاہئے بلکہ سیروتفریح کی جگہوں پر لیکر جانا چاہئے جس کے لئے پی سی بی اور فرنچائز منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ فواد رانا نے کہا کہ غیر ملکی اور مقامی تمام کرکٹرز کے لئے سیکوریٹی بہت ضروری ہے جس میں کوئی دو رائے نہیں ہے لیکن اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں ہونا چاہئے کہ کھلاڑیوں کو ہوٹل تک محدود رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پی ایس ایل کا انعقاد بہت بہتر اقدام ہے، امید ہے کہ ہمارے شائقین کرکٹ بڑی تعداد میں اسٹیڈیم آئیں گے اور اس سے یقیناً گیٹ منی میں اضافہ ہوگا اور اس آمدنی میں سے فرنچائز کو بھی زیادہ حصہ ملے گا۔ فواد رانا نے کہا کہ یونائیٹڈ عرب امارات میں شائقین کرکٹ بڑی تعداد میں نہیں آتے تھے اور جو آتے تھے وہ بھی زیادہ تر گیسٹ ہوتے تھے، یقیناً پاکستان میں پی ایس ایل کا ہونا فرنچائز کے لئے فائنینشل اعتبار سے بہت بہتر ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے چیئرمین ندیم عمر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ملک میں پی ایس ایل کی واپسی نیک شگون ہے۔