پاکستان سپر لیگ میں عمدہ کارکردگی دکھائیں گے،فرنچائز ہیڈکوچز

79

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ 2020 کامیدان سجنے میں محض ایک روز باقی رہ گیا۔ ایونٹ میں شریک تمام فرنچائززنے لیگ کے5ویں ایڈیشن کا ٹائٹل جیتنے کے لیے تیاریاں تیز کردیں ہیں۔ کل سے شروع ہونے والے ایونٹ کے پہلے 2 میچز کراچی اور تیسرا لاہور میں کھیلا جائے گا۔ لہٰذا ابتدائی میچوں میں شرکت کی غرض سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی ،کراچی کنگز، اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں کراچی جبکہ ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریکٹس کررہی ہیں۔تمام ٹیموں کے ہیڈ کوچز نیایونٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کا عزم کررکھا ہے۔ ٹائٹل کے حصول کی دوڑ میں شامل تمام ہیڈ کوچز نے اپنے اپنے اسکواڈز کو متوازی اور بہترین قرار دیا ہے۔ وہ لیگ کے پہلی مرتبہ پاکستان میں تاریخی انعقاد کو یادگار بنانا چاہتے ہیں۔ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ معین خان پی ایس ایل کے ابتداء سے ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ مقرر ہیں۔ لیگ میں سب سے بہترین جیت کا تناسب رکھنے والی ٹیم کے ہیڈ کوچ معین خان پی ایس ایل 5 میں ٹائٹل کا دفاع کرنے کے لیے پراعتماد ہیں۔معین خان نے کہا کہ فاسٹ بولرز نسیم شاہ اور محمد حسنین کے علاوہ ،وہ اعظم خان کا شمار بھی کوئٹہ کے3 بہترین کھلاڑیوں میں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تینوں نوجوان کرکٹرز باصلاحیت ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔محمد اکرم بھی پی ایس ایل کی ابتداء سے پشاور زلمی سے منسلک ہیں۔ وہ گذشتہ 4 ایڈیشنزسے پشاور زلمی کی ہیڈ کوچنگ کے فرائض انجام دینے کے بعد اب5ویں ایڈیشن میں بھی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے تیار ہیں۔پشاور زلمی کی ایڈیشن 2017 کے ٹائٹل میں کامیابی کی ایک بڑی وجہ ہیڈ کوچ محمد اکرم کی مؤثر حکمت عملی تھی۔ڈین جونز پہلی مرتبہ ایونٹ میں کراچی کنگز کی کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ ڈین جونز اس سے قبل لیگ کے ابتدائی 4سال اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ رہے۔ڈین جونز کا کہنا ہے کہ کراچی کنگز کیا اسکواڈ میں شامل 4 مقامی کرکٹرز ایسے ہیں جو کنگز کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور ہیڈ کوچ وہ اویس ضیاء ، ارشد اقبال، عمر خان اور اسامہ میر کی صلاحیتوں کے مداح ہیں۔ڈین جونز نے کہاکہ اویس ضیاء کی جارحانہ بلے بازی محدود طرز کی لیگ میں انتہائی اہمیت کی حامل ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان فاسٹ بولر ارشد اقبال جبکہ اسپنرز عمر خان اور اسامہ میربھی کراچی کنگز کا اثاثہ ہیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ 2 مرتبہ ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے۔ مصباح الحق ٹیم کو تیسری مرتبہ ٹائٹل جتوانے کے لیے پرعزم ہیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ 2 مرتبہ ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے۔ مصباح الحق ٹیم کو تیسری مرتبہ ٹائٹل جتوانے کے لیے پرعزم ہیں۔ مصباح الحق پہلی مرتبہ لیگ میں کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ اینڈی فلاور پی ایس ایل 5میں پہلی مرتبہ ملتان سلطانز کی کوچنگ کریں گے۔ وہ لیگ کے پہلے ایڈیشن میں پشاور زلمی کے سپورٹنگ اسٹاف کا حصہ تھے۔ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ اینڈی فلاورکا کہنا ہے کہ اسکواڈ میں شامل 2 کرکٹرز روحیل نذیر اور محمد الیاس سلطانز ڈویلمپنٹ پروگرام کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ دونوں کھلاڑی لیگ میں عمدہ کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔اینڈی فلاور نے کہاکہ روحیل نذیر ایک بہترین وکٹ کیپر بیٹسمین ہیں۔ انہوں نے آئی سی سی انڈر19ورلڈکپ 2020کے سیمی فائنل میں بھارت کے خلاف روحیل نذیر کی اننگز کو عمدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وکٹ کیپر بیٹسمین، مستقبل کے بہترین کھلاڑی ثابت ہوں گے۔ عاقب جاوید گذشتہ 2ایڈیشنزسے لاہور قلندرز کی کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔ عاقب جاوید پی ایس ایل5 میں تیسری مرتبہ لاہور قلندرز کی کوچنگ کریں گے۔لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کاکہنا ہے کہ لیگ کے5ویں ایڈیشن سے قبل ڈرافٹ کے بعد ہمیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ عاقب جاوید نے کہاکہ ان کی حکمت عملی ،لاہور قلندرز کے لیے بڑے ناموں کے بجائے بہترین اور باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا ہے۔