نیشنل اسٹیڈیم فوج کے حوالے ،پی ایس ایل کا میلہ کل سجے گا

204

کراچی (سید وزیر علی قادری) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ کا5واں ایڈیشن رنگا رنگ تقریب کے ساتھ کل سے کراچی میں شروع ہوگا جبکہ تقریب رونمائی آج ہوگی، تقریب میں چیئر مین پی سی بی احسان مانی، تمام فرنچائز کے مالکان اور تمام ٹیموں کے کپتان شرکت کریں گے، پی ایس ایل5کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے اور یہ پہلی مرتبہ ہوگا جب پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان کی سرزمین پر کھیلے جائیں گے۔ لیگ میں دنیا کر نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئینگے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم لیگ میں ٹائٹل کا دفاع کریگی۔ مہمان کھلاڑی کے تحفظ کے لئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ گزشتہ روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی کو فوج کے حوالے کردیا گیا، اسٹیڈیم میں سیکورٹی اہلکارو ں نے مشقیں بھی کیں اور پورا اسٹیڈیم نعرہ تکبیر اللہ اکبر سے گونج اٹھا۔ پی ایس ایل کے 5ویں ایڈیشن کا آغاز خوبصورت رنگا رنگ تقریب کے ساتھ کل سے ہوگا، آج سہ پہر ساڑھے 3بجے پی ایس ایل 5کی ٹرافی کی نیشنل ا سٹیڈیم کراچی میں تقریب رونمائی ہوگی۔ تقریب رونمائی کے بعد چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور تمام فرنچائز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کریں گے۔ کل شام 6 بجکر 45 منٹ پر پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کا آغاز ہوگا۔ اس کے علاوہ آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔ رات 9 بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈکے درمیان افتتاحی میچ کا آغاز ہوگا۔پہلی مرتبہ لیگ کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ لیگ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزما ہونگی جن کے درمیان 34 میچز مختلف وینیو پر کھیلے جائیں گے، ابتدائی میچ کل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان نیشنل ا سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، لیگ میں شامل 6 ٹیموں جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز شامل ہیں فائنل سمیت 34 میچز کھیلے جائیں گے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان کرینگے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی سرفراز احمد کرینگے، کراچی کنگز کی کمان عماد وسیم کو سونپی گئی ہے ، لاہور قلندرز سہیل اختر کی زیر قیادت میدان میں اترے گی، پشاور زلمی کی قیادت ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ڈیرن سمی کرینگے جبکہ ملتان سلطانز ٹیم کی قیادت شان مسعود کرینگے۔