کورونا ،ووہان اسپتال کا ڈائریکٹر ہلاک تعداد 1868 ہوگئی

239
بیجنگ: چینی شہر ووہان کے اسپورٹس سینٹر میں بنائے گئے طبی مرکز میں کورونا وائرس کے متاثرین کا علاج جاری ہے

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین میں کرونا سے مزید 98 افراد کی ہلاکت کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 1868 ہو گئی ہے۔ محکمہ نیشنل ہیلتھ کے مطابق منگل کے روز تک وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 72 ہزار 436 تک پہنچ چکی ہے جن میں بیشتر کا تعلق صوبہ ہوبئی سے ہے۔ اسی دوران سرکاری ٹی وی نے کرونا سے ووہان اسپتال کے ڈائریکٹر لی زمنگ کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ 30 جنوری کے بعد سے ایک روز کے دوران کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد کم رپورٹ ہوئی ہے ۔ اس سے قبل روزانہ کی بنیاد پر 2 ہزار یا اس سے زائد کیسز رپورٹ ہو رہے تھے ۔ نئے کیسز میں کمی اس جانب اشارہ ہے کہ حکومت کے سخت اقدامات کی وجہ سے وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے میں مدد مل رہی ہے۔ دوسری طرف چین کے باہر 28 ملکوں میں کورونا وائرس سے 900 سے زیادہ افراد کے متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ان میں سے 450 سے زائد جاپان کے یوکوہاما بندرگاہ پر لنگر اندازایک سیاحتی جہاز میں موجود لوگوں کی ہے۔ امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے ایک بیان میں کہا کہ وہ چین میں آئی فون کی پروڈکشن میں کمی اور کمزور مانگ کی وجہ سے مالی سال کے رواں سہ ماہی میں اپنی آمدنی کے ہدف کو پورا نہیں کرسکے گی۔ اُدھر چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ ان کا ملک رواں برس کے اقتصادی اہداف حاصل کر لے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس نے معاشی سرگرمیوں کو متاثر ضرور کیا ہے تاہم اس کے باوجود 2020ء کے معاشی اہداف حاصل ہونے کا امکان ہے ۔ شی نے مزید کہا کہ کووڈ 19 کو قابو کرنے کے اقدامات کے دوران بھی معاشی صورتحال مستحکم رہی ہے ۔