اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے وفد کا نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آبادکا دورہ

320
اسلام آباد : امیر البحر ظفر محمودسے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا وفد ملاقات کررہا ہے

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد کی سربراہی میں وفد نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا‘ صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے امیر البحر ظفر محمود عباسی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔بریفنگ کے دوران نیول چیف نے وفد کا خیرمقدم کیا اور اس بات پر زور دیا کہ نجی شعبہ پاک بحریہ کے ترقیاتی منصوبوں اور بحری شعبوں میں مقامی صنعت کی ترقی کو فروغ دینے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔ امیرالبحر نے دفاعی پیداوار کے منصوبوں میں باہمی تعاون اور مشترکہ منصوبوں کی مد میں خود انحصاری کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اس کے علاوہ وفد کو ایک بریفنگ بھی دی گئی جس میں نجی شعبے کی شمولیت سے متعلق مختلف منصوبوں کو اجاگر کیا گیا۔ وفد کو پاک بحریہ کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی بتایا گیا۔بعدازاں ، صدر اسلام آباد چیمبر جناب محمد احمد نے وفدکی جانب سے مکمل تعاون کی یقینی دہانی کرائی اور پاکستان نیوی کو بلیو اکانامی کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے پر سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ کے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سنٹر کے قیام سے بالعموم صنعتی اور بالخصوص دفاعی پیداوارکے شعبے کو فروغ ملے گا۔