مدیحہ کے قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے، شہر یار آفریدی

113

پشاور (اے پی پی) وزیر انسداد منشیات شہریار ٓافریدی نے کہا ہے کہ مدیحہ کے قاتلوں کو بہت جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائیں گے، معاشرے میں ایسے واقعات کا ہونا ریاست اور حکومت کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے، حکومت ایسے واقعات میں ملوث درندوں کے لیے سرعام پھانسی کی حامی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 2 روز قبل ہنگو کے علاقے سروخیل میں قتل کی جانے والی 7 سالہ مدیحہ کے والدین سے تعزیت کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی کوہاٹ طیب حفیظ چیمہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ شہریار آفریدی نے والدین کو یقین دلایا کہ تحقیقات کو جدید خطوط پر مکمل کر کے ملزمان کو بے نقاب کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ وزیراعظم کی ہدایت پر تعزیت کے لیے سروخیل آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ والدین کی بھی ذمے داری ہے کہ وہ اپنے آس پاس ماحول پر نظر رکھیں اور اپنے بچوںکی نگرانی میں کوتاہی نہ برتیں، یہ امر قابل افسوس ہے کہ اس طرح کے جتنے بھی واقعات رونما ہوئے ان میں قریبی رشتے دار اور جان پہچان والے ملوث پائے گئے۔ انہوں نے پولیس کو ہدایت کی کہ جلد از جلد قانونی تقاضے پورے کر کے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ اس موقع پر مقتولہ کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔