جعلی پولیس اہلکار شہریوں کو اسلحے کے زور پر ڈراتا دھمکاتا ہے پولیس خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے ،

280

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے علاقے طارق روڈ میں خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرنے والے شخص نے سرعام موٹر سائیکل پرہتھیار لے کر گشت کرنا شروع کردیا۔بغیر نمبر پلیٹ کی گاڑی پر اہل علاقہ کو خوف و ہراس میں مبتلا کرنے والے شخص کے خلاف پولیس کوئی بھی کارروائی کرنے سے قاصر ہے۔

تفصیلات کے مطابق فیروز آباد تھانے کی حدود معمور مسجد کے قریب ایک موٹرسائیکل سوار شخص اسلحہ سمیت سڑکوں پر گشت کرتا دکھائی دیتا ہے۔وسیم نامی شخص لوگوں کو اسلحے کے زور پر ڈراتا دھمکاتا ہے اور انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتا ہے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص ریٹائرڈ پولیس افسر کا بیٹا اور فیروز آباد پولیس لائن کا رہائشی ہے اور اس کا ایک بھائی پولیس میں ہیڈ کانسٹیبل بھی ہے۔طویل عرصے سے غیر قانونی حرکتوں میں ملوث ہونے کے باوجود اس کے خلاف کوئی بھی قانونی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔

اہل علاقہ نے آئی جی سندھ ڈاکٹرکلیم امام ،کراچی پولیس غلام نبی میمن اور ایس ایس پی ایسٹ سے اپیل ہے کہ وسیم نامی شخص کی مجرمانہ سرگرمیوں کا نوٹس لیتے ہوئے اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔