پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن ، ڈی جی رینجرزسندھ نے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا،

85

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے افتتاح سے قبل ڈی جی رینجرزسندھ نے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کا میلہ سجنے میں دو روز باقی ہے،جہاں ڈی جی رینجرز عمر بخاری بخود سیکیورٹی کا جائزہ لینے نیشنل اسٹیڈیم کراچی پہنچے۔اس موقع پر ڈی جی رینجرز سندھ نے اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا،ڈی جی رینجرز نے پویلین کا خصوصی طور پر دورہ کیا اور سیکیورٹی سے متعلق جوانوں سے سوالات کئے۔نیشنل اسٹیڈیم کے منیجر سیکیورٹی نے ڈی جی رینجرز سندھ عمر بخاری کو سیکیورٹی انتظامات سے آگاہ کیا۔

بعد ازاں میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی رینجرز عمر بخاری نے پی ایس ایل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کی کوشش کریں۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی بندش کے حوالے سے ماضی کا پلان ہی دہرایا جائے گا جبکہ پارکنگ ایریاز بڑھائے گئے ہیں،عوام کی سہولت کے لیئے شٹل سروس کی تعداد بڑھائیں گے اس بار بھی سیکیورٹی پلان اچھا بنایا گیا ہے۔واضح رہے کہ پی ایس ایل کا پہلا میچ 20 فروری کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔