حلب ایئرپورٹ مسافر پروازوں کیلیے کھولنے کا اعلان

256

الاسد رجیم کی جانب سے ملک کے شمال مغربی حصے پر کنٹرول حاصل کیے جانے کے بعد حلب کے ہوئی اڈے کو مسافر پروازوں کے لیے کھولنے کا اعلان کردیا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق خانہ جنگی کے شکار ملک شام میں 2012 سے بند حلب ایئرپورٹ کو 8 سال بعد کھولا جارہا ہے، گزشتہ ہفتے اسد رجیم نے مذکورہ علاقے کو اپوزیشن کے قبضے سے آزاد کرواتے ہوئے کنٹرول حاصل کیا تھا۔

وزارت ٹرانسپورٹ کی جانب سے کیے گئے اعلان کے بعد حلب کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر صرف مسافر پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، یہ ایئرپورٹ ملٹری یا کمرشل پروازوں کے لیے قابل استعمال نہیں ہوگا۔

پروازوں کی بحالی بدھ سے ہوگی، پہلی پرواز دارالحکومت دمشق سے حلب پہنچے گی جب کہ دوسری پرواز چندروز بعد قاہرہ سے مسافروں کو لے کر آئے گی۔

واضح رہے کہ بشار الاسد کی شامی فورسز کے ترجمان جنرل علی محوب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے حلب اور اس کے گرد و نواح کا کنٹرول حاصل کرنے کا اعلان کیا تھا۔