حکومت عوام کی مشکلات پر خاموش تماشائی نہیں بن سکتی،وزیراعظم

100

وزیراعظم عمران کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کی مشکلات پر خاموش تماشائی نہیں بن سکتی،عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے ہر آپشن پر غور کیا جائے گا۔

وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت پٹرول اور گیس کی قیمتوں میں ممکنہ کمی لانے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں وزیرِ توانائی عمر ایوب،  اسد عمر، فردوس عاشق، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی بیٹرولیم ندیم بابر، سیکرٹری پٹرولیم، قائم مقام چیئرمین ایف بی آر اور سینئر افسران شریک ہوئے۔

معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر نے پٹرول مصنوعات اور گیس کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار گیس کے شعبے میں ماضی کے حکمرانوں کی جانب سے کیے جانے والے معاہدوں اور قیمتوں میں استحکام کے حوالے سےتفصیلی بریفنگ دی اور تجاویز پیش کیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد عوام خصوصا کم آمدنی والے افراد کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کرنا ہے،حکومت کو احساس ہے کہ کم آمدنی والا اور تنخواہ دار طبقہ مشکلات کا شکار ہ اور حکومت کی ہر ممکنہ کوشش ہے کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں کے ضمن میں جہاں تک ممکن ہو سکے ان طبقات کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی جانب سےغیرمنطقی طورپرطویل المدت معاہدوں کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے ، لیکن حکومت عوام کی مشکلات پر خاموش تماشائی نہیں بن سکتی،عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے ہر آپشن پر غور کیا جائے گا۔

وزیرِاعظم نے معاون خصوصی برائے پٹرولیم کو ہدایت کی کہ پٹرولیم مصنوعات اور گیس میں ممکنہ حد تک کمی لانے کی غرض سے جامع روڈمیپ جلد از جلد مرتب کیا جائے اور اس ضمن میں سفارشات پیش کی جائیں تاکہ قابل عمل سفارشات پر عمل درآمد کیا جا سکے۔