عوامی مسائل اور خدمت کے لیے مثالی کردار ادا کیا ہے ‘حافظ نعیم

362
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا پاکستان انجینئرز فورم کے نومنتخب عہدیداران کے ساتھ گروپ فوٹو

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی دعوت رنگ و نسل ، زبان و مسلک اور علاقائیت سے بالا تر ہے ، جماعت اسلامی نے کراچی میں عوامی مسائل کے حل اور خدمت خلق کے شعبے میں مثالی اور گراں قدر کردار ادا کیا ہے ، کے الیکٹرک ، نادرا اور واٹر بورڈ سمیت مختلف حکومتی اداروں کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کے خلاف عوامی احساسات و جذبات کی ترجمانی کی ہے ، جماعت اسلامی کی پبلک ایڈ کمیٹیاں آج بھی شہر بھر میں سرگرم عمل ہیں ، عوام کی ترجمانی اور مسائل کے حل کی جدوجہد جاری رہے گی ۔توسیع دعوت اور تنظیمی استحکام میں ارکان کا کردار انتہائی اہم اور کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ اس لیے ارکان جماعت کو اپنی ذمے داری احسن طریقے سے ادا کرنے کے لیے ہر ممکن کوششیں کرنی چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع ائر پورٹ کے اجتماع ارکان برائے تجدید عہد رکنیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجتماع سے امیر ضلع توفیق الدین صدیقی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ وہ اقامت دین کی تحریک ہے، اقامت دین کی جدوجہد کرنے والوں پر بھاری ذمے داری عاید ہوتی ہے ،ہم کسی مسلک یا خاص گروہ کی تحریک نہیں ، جماعت اسلامی میں تمام مسالک اور مکاتب فکرکے افراد شامل ہیں ، جماعت اسلامی کا وژن بڑا وژن ہے ، ہم دوسروںکی طرح روایتی سیاست نہیں کرتے جس طرح دیگر لوگ ذات برادری ، نسلی یا علاقائی بنیاد پر سیاست کرتے ہیں ، ہم صرف اللہ تعالیٰ کی طرف بلاتے ہیں ،ہمارے پیش نظر وقتی اہداف نہیں بلکہ رسول پاک ؐکی سب سے بڑی سنت غلبہ دین کی جدوجہد ہے، ہمیں اس جدوجہد کو جاری رکھنا ہے اور لوگوں کو بھی دین کی طرف لانے کی کوشش کرنا ہے ، اپنے اپنے حلقوں میں افرادی قوت، ارکان و کارکنان کی صورت میں اضافہ کریں، عوامی مسائل کے حل کے لیے پبلک ایڈ کمیٹی کو مزید فعال اور منظم کریں ۔