اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی آرمی چیف سے ملاقات

436

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی جس میں افغان مفاہمتی عمل مسئلہ کشمیر سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی جس دوران افغان مہاجرین کے مسئلے، افغان مفاہمتی عمل  اور تنازعہ کشمیر سمیت علاقائی سلامتی کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئےچیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ پاکستان ایک مستحکم،پرامن اورمعمول کا پاکستان کے مقصد کے حصول کے لئے پر عزم ہے ۔

اس دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئےاقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد اور اقوام متحدہ کے امن مشنوں میں پاکستان کے کردار اور دہشتگردی کے خلاف غیر معمولی کامیابیوں کے اعتراف کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے مبصر فوجی مشن کو کشمیر میں مکمل رسائی دینے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں سلامتی کی صورتحال بہتر ہونے اور علاقائی  امن و استحکام میں مثبت کوششوں کو بھی سراہا ۔