پاک فضائیہ کے پائلٹ شہید راشد منہاس (نشان حیدر) کا69واں یوم پیدائش

1902

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کم عمری میں نشان حیدر کا اعزاز حاصل کرنے والے پاک فضائیہ کے پائلٹ آفیسر راشد منہاس کا 69واں یوم پیدائش آج منایا جارہا ہے، راشدمنہاس کا جذبہ حب الوطنی نوجوان نسل کے لیے مثال ہیں،

تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کے جانباز پائلٹ راشد منہاس 17 فروری 1951 کو کراچی میں پیدا ہوئے، ان کا تعلق راجپوت گھرانے سے تھا، انہوں نے جامعہ کراچی سے ملٹری ہسٹری اینڈ ایوی ایشن ہسٹری میں ماسٹرز کیا تھا،

مارچ 1971 میں راشد منہاس نے پاک فضائیہ میں بطور کمیشنڈ جی ڈی پائلٹ شمولیت اختیار کی، وہ ابتداء ہی سے ایوی ایشن کی تاریخ اور ٹیکنالوجی سے متاثر تھے اور ان کو مختلف طیاروں اور جنگی جہازوں کے ماڈلز جمع کرنے کا بھی شوق تھا،اگست1971ء میں راشد منہاس پائلٹ آفیسر بنے اور جب 20اگست1971ء کو وہ اپنی پہلی سولو فلائٹ پر روانہ ہو رہے تھے کہ اچانک ان کے انسٹرکٹر مطیع الرحمان طیارے کو رن وے پر روک کر سوار ہوگئے اور جہاز کا رخ دشمن ملک بھارت کی جانب موڑ دیا لیکن راشد منہاس نے وطن پر جان قربان کرتے ہوئے دشمن کی اس سازش کو ناکام بناتے ہوئے جہاز کا رخ زمین کی جانب کردیا اور جام شہادت نوش کیا،

راشد منہاس شہادت کا رتبہ حاصل کرنے والے پاک فضائیہ کے پہلے آفیسر تھے۔راشد منہاس کو ان کے عظیم کارنامے پر ملک کا سب سے بڑا فوجی اعزاز نشان حیدر عطا کیا گیا اور کم عمری میں نشان حیدر حاصل کرنے والے شہید کا اعزاز اپنے نام کیا،

پاکستان میں نشانِ حیدر پانے والے سب سے کم عمرشہید راشد منہاس کراچی کے فوجی قبرستان میں آسودہ خاک ہیں جبکہ اٹک میں قائم کامرہ ایئر بیس کو ان کے نام سے منسوب کیا گیا، قوم کوعظیم سپوت کی قربانی اور کارنامے پر ہمیشہ فخر رہے گا۔