پی ایس ایل  فائیو کی افتتاحی تقریب کا شیڈول جاری

1253

کراچی: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ2020 کی افتتاحی تقریب کا شیڈول جاری کر دیا گیا، جس میں   20 فروری شام 6:45 بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تقریب منعقد ہوگی جبکہ افتتاحی تقریب میں 350 سے زائدفنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل  فائیو کی افتتاحی تقریب کے موقعے پر  معروف گلوکار راحت فتح علی خان، ابرار الحق، سجاد علی، صنم ماروی، آئمہ بیگ، ابو محمد، فرید ایاز اور سوچ بینڈ میں شامل گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے جبکہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے آفیشل ترانے میں شامل چاروں گلوکار عارف لوہار، علی عظمت، عاصم اظہر اور ہارون بھی افتتاحی تقریب میں جلوہ گر ہوں گے۔لیگ کے مکمل ایڈیشن کے پاکستان میں انعقاد کا جشن منانے کے لیے تقریب کےدوران آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔

ایونٹ کی افتتاحی تقریب کے بعد دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور 2 مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ رات 9 بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہو گا۔

ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی بابر حامد  نے کہا ہے کہ پہلا موقع ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی رنگارنگ افتتاحی تقریب پاکستان میں ہورہی ہے۔ انہوں  نے کہا کہ اس شاندار ایونٹ سے قبل ایک بہترین تقریب کا اہتمام کیا جارہا ہے جہاں ملک کے معروف فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 بیس فروری سے بائیس مارچ تک کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلی جائے گی۔ ایونٹ کا پہلا میچ کراچی جبکہ فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔لیگ کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن  بکنگ www.yayvo.com پردستیاب ہے جبکہ شائقین کرکٹ ٹی سی ایس کے ایکسپریس سنٹرز سے بھی  ٹکٹ خریدسکتے ہیں۔