پاکستان افغان بھائیوں کی مدد جاری رکھے گا، شاہ محمود قریشی

521

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان افغان تنازع کے حل کا فریق ہے اور اس نے افغان جنگ کی بہت زیادہ قیمت ادا کی ہےجبکہ اسکا فوجی حل ممکن نہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان مہاجرین پر عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کا ایک دوسرے پر انحصار ہے، ہمیں پائیدار امن کیلئے ایک دوسرے کا ہاتھ بٹانا ہو گا جبکہ  ہمیں امن دشمنوں کے ناپاک عزائم کو مشترکہ طور پر ناکام بنانا ہو گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان مہاجرین میں رجسٹر اور غیر رجسٹر دونوں شامل ہیں جبکہ ہم 10 لاکھ سے زیادہ افغان مہاجرین کو رجسٹر کر چکے ہیں۔پاکستانی حکومت  کی جانب سے  انھیں صحت، تعلیم اور فنی تربیت کی سہولتیں فراہم کی گئیں تاکہ وہ اپنے ملک کی ترقی میں کردار ادا کر سکیں جبکہ پاکستان افغان بھائیوں کی مدد جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان تنازع کے حل کا فریق ہے اور اس نے افغان جنگ کی بہت زیادہ قیمت ادا کی ہے ،افغان مسئلے کا فوجی حل ممکن نہیں جبکہ سیاسی حل کیلئے لچک کی ضرورت ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ افغان مہاجرین کی دیکھ بھال کیلئے عالمی برادری کی امداد بہت کم رہی، امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی بات سن کر اطمینان ہوا امریکا ماضی کی غلطیاں نہیں دہرائے گا۔