کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل ضروری ہے،انتو نیو گوتریس

245
اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی پریس کانفرنس کررہے ہیں

اسلام آباد/مظفرآباد( نمائندہ جسارت+صباح نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل درآمد ضروری ہے۔اسلام آباد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پرتشویش ہے، وہاں بنیادی انسانی حقوق کا بہر صورت احترام کیا جانا چاہیے۔انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان اوربھارت کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر تحمل کا مظاہرہ کریں، بھارت اقوام متحدہ کے ساتھ سیزفائر کے معاہدے کو یقینی بنائے،اقوام متحدہ دونوں ممالک میں امن کی بحالی کے لیے اور مسئلہ کشمیر پر مذاکرات میں سہولت کاری بھی کرسکتے ہیں اور میں خود بھی مذاکرات کا ہامی ہوں۔اس سے قبل انتونیو گوتریس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والا دنیا کا بڑا ملک ہے،پاکستان کو صحت سمیت مختلف شعبوں میں چیلنجز درپیش ہیں، پائیدار ترقیاتی اہداف کے لیے کاوشیں اور کام کی رفتار کو تیز کرنا ہو گا، ترقی کے حصول میں دنیا کو بہت سی رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کا اثر دنیا کے لیے خطرہ ہے، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں سے خطرات درپیش ہیں،سیلاب اور قدرتی آفات سے پاکستان بہت متاثر ہوا ہے۔ پاکستان میں 80 فیصد پانی زراعت کے لیے استعمال ہوتا ہے، پاکستان میں ترقیاتی اہداف کو موسمیاتی تبدیلیوں سے خطرات لاحق ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستانی افغان مہاجرین کے لیے کھلے دل کا مظاہرہ کر رہے ہیں، پاکستان اب مہاجرین کو بسانے والا دوسرا بڑا ملک ہے جب کہ دہائیوں تک یہ پہلا ملک رہا ہے۔ انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ امن مشنز میں پاکستان کے بھرپور کردار کو سراہتے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ دنیا میں اسلامو فوبیا کے بڑھتے واقعات ناقابل قبول ہیں، مذہبی ہم آہنگی کے لیے برداشت اور ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کی دفترخارجہ آمد پر خیر مقدم کیا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت اہم علاقائی و عالمی امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس4 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں جہاں انہوں نے افغانستان، تاجکستان اور یمن کے مہاجرین سے ملاقات کی۔ وہ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔اس کے علاوہ وہ پارلیمان کے اراکین، میڈیا اور نوجوانوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ 4روزہ دورے کے دوران وہ گردوارہ کرتار پور صاحب اور لاہور کا دورہ بھی کریں گے۔علاوہ ازیں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی پاکستان آمد پر مظفرآباد میں سیکڑوں کشمیری بزرگ، خواتین اور بچے اس عالمی ادارے کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے سڑکوں پر نکل آئے،شہید برہان چوک پر دھرنا دیا اور گھڑی پن تک ریلی بھی نکالی،شرکا نے مقبوضہ جموں کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے منہ پر ایک منٹ تک ہاتھ رکھ کر خاموشی اختیار کی،بھارتی ریاستی جبر کے خلاف اور آزادی کشمیر کے لیے مظاہرین نے نعرے لگائے۔ اقوام متحدہ سے استصواب رائے کا مطالبہ کر تے ہوئے کشمیریوں نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر انتونیو گوتریس اور کشمیر میں بھارتی جارحیت کا شکار بچوں کی تصاویر آویزاں تھیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ سیکرٹری جنرل خود مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرکے وہاں کے حالات کا جائزہ لیں، بھارت فوجی طاقت سے کشمیری عوام کی نسل کشی میں مصروف ہے ان حالات میں اقوام متحدہ کو آگے بڑھ کر بھارت کو نہتے لوگوں کے قتل عام سے روکنا ہوگا۔