ابلاغ کے تمام زرائع کو غلبہ دین کے لیے استعمال کیا جائے،حافظ نعیم الرحمن

236
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن مسجد الہدیٰ میں ضلع شمالی کے اجتماع ارکان سے خطاب کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی صرف سیاسی تحریک نہیں ہے بلکہ غلبہ دین کی تحریک ہے ،زندگی کے تمام پہلوؤں میں اللہ کی حاکمیت، اللہ کا نظام اور اللہ کی زمین پر اللہ کے قانون کے نفاذ کی جدوجہد میں مصروف عمل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع شمالی کے تحت نارتھ کراچی مسجد الہدیٰ میں اجتماع ارکان سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجتماع ارکان سے ممتاز عالم دین مولانا ثناء اللہ ، امیرجماعت اسلامی ضلع شمالی محمد یوسف اور سیکرٹری ضلع شمالی عرفان احمد، ناظم مالیات اکرم قریشی ،انچارج سیاسی سیل احمر خان نے بھی خطاب کیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہا کہ جماعت اسلامی ایک متحرک اور زندہ جماعت ہے، ابلاغ کے جتنے بھی ذرائع ہیں ان کا استعمال اب ہرکسی کی دسترس میں ہے، ابلاغ کی تمام جہتوں کے ذریعے غلبہ دین کی جدوجہد تیز کرتے ہوئے اپنا بھرپور حصہ ڈالیں، زندگی کا سب سے اہم کام غلبہ دین یعنی اقامت دین ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ جماعت اسلامی کے کارکنان اپناوقت ،مال،صلاحیتیں غلبہ دین کی راہ میں آگے بڑھ کر خرچ کریں اس وقت مصر اورفلسطین کی اسلامی تحریکیں انتہائی نامساعد حالات میں باطل سے نبرد آزما ہیں بالخصوص بنگلہ دیش میں حکمران تحریک اسلامی کے کارکنان و قائدین پر جس طرح انسانیت سوز مظالم ڈھارہے ہیں وہ بہت شرمناک ہے لیکن تمام تر کٹھن حالات کے باوجود بنگلہ دیش کی تحریک اسلامی سے وابستہ افراد شہادتوں کے باوجود کسی صورت حکمرانوں کے سامنے سرجھکانے پر آمادہ نہیں ہیں۔ان کا یہ حوصلہ دیگر ممالک کی تحاریک کے لیے امید کا پیغام ہے ،ہمیں بھی اسی طرح استقامت کی راہ پر چل کر پورے معاشرے میں ایک مثال بننے کی ضرورت ہے ۔