پاکستان شاہینز  نے ایم سی سی کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

449

پاکستان شاہینز  نے میری لیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی)الیون کو  ون ڈے میچ میں5 وکٹوں سے شکست دیدی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے ایچیسن کالج میں کھیلے گئے ون ڈے میچ میں پاکستان شاہینز کے کپتان سعود شکیل  نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،ایم سی سی  کی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے۔

ایم سی سی کی جانب سے راس ویٹلے نے 51 اور ول روڈز نے 27 رنز بنائے جبکہ رولوف مروو نے 47 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی،پاکستان شاہینز کےاحسان عادل  نے 10 اوورز میں 34 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں پاکستان شاہینز کی آدھی ٹیم 114 رنز بناکر پویلین واپس لوٹی تو بائیں ہاتھ کے بلے باز عمران رفیق اور حسن محسن  نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو فتح دلادی۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 91 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوئی۔ عمران رفیق 66 اور حسن محسن 49 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ایم سی سی کی جانب سے اولیور ہان نے 2 جبکہ سفیان شریف اور رولوف  نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 میچ میں شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے پر فاسٹ باؤلر احسان عادل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔