تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کو سپرد خاک کردیا گیا

465

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزیراعظم معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق کو کراچی کے گزری قبرستان میں سپرد خآک کردیا گیا۔

تحریک انصاف کےمرحوم رہنما کی نماز جنازہ کراچی میں ڈیفنس خیابان اتحاد کی مسجد عائشہ میں ادا کی گئی، مولانا تنویرالحق تھانوی نے نعیم الحق کی نماز جنازہ کی امامت کی جس کے بعد انہیں گزری قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، گورنر پنجاب چوہدری سرور،گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزراء، اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی اور تحریک انصاف کے سینئر رہنما نعیم الحق کینسر کے موذی مرض میں مبتلا تھے اور کافی عرصے سے علیل تھے،وہ گزشتہ روز کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے تھے،ان کی عمر 70 برس تھی۔