جہانگیرترین اورخسروبختیارکے دفاتر پرکب چھاپہ مارا جائے گا،مریم اورنگزیب

454

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان مافیا نے شریف گروپ کے دفاتر پرتو چھاپہ مار لیا لیکن اب جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کے دفاتر اور ملوں پر کب چھاپہ مارا جائے گا ؟

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان مافیا پورا کا پورا غیر قانونی فارن فنڈنگ سے بنا، عمران خان مافیا شریف خاندان اور مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماؤں کو جیلوں میں رکھ کر 18 ماہ میں ایک روپے کی کرپشن کا ثبوت عدالت میں نہیں پیش کر سکا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان مافیا نے 18 ماہ میں روزگار، کاروبار اور معیشت تباہ کردی، یہ مافیا اپنی چوری ، نااہلی اور نالائقی سے نظریں ہٹانے کے لئے سیاسی مخالفین کے گھروں پر چھاپے مار رہا ہے، مریم اورنگزیب نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے شریف گروپ کے دفاتر پر چھاپہ تو مار لیا اور ہمیشہ کی طرح انہیں کچھ نہیں ملا لیکن اب جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کے دفاتر اور ملوں پر کب چھاپہ مارا جائے گا ؟

ترجمان (ن) لیگ نے کہا کہ جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کے علاوہ زمان پارک اور بنی گالہ پر چھاپے مارے تو پتہ چل جائے گا کہ عوام کی روٹی ، چینی کہاں ہے؟

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ پشاور میٹرو کے 150 ارب کہاں گئے؟ 18 ماہ میں 13 ہزار ارب کا قرض اور پشاور میٹرو کے 150 ارب اپنی جیب میں ڈال لئے گئے، عوام کا آٹا ، چینی اور روٹی چوری کر لی لیکن چھاپے اپنے سیاسی مخالفین کے دفتروں پر لگوائے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز نیب حکام نے ماڈل ٹاؤن میں 55 کے اور 91 ایف پر واقع شریف خاندان کے ملکیتی دفاتر پر چھاپے مارے تھے، چھاپوں کے دوران نیب حکام نے کمپیوٹر اور دیگر سامان اپنی تحویل میں لے لیا۔