سیدعلی گیلانی کا وجود کشمیریوں کے لیے باعث حوصلہ ہے،وزیر خارجہ

861

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سیدعلی گیلانی عزم و ہمت کی علامت بن کر آزادی کے لیے کوشاں ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ویڈیو پیغام میں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کی صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی صحت یابی اور درازی عمر کے لیے دعا گو ہیں، نہتے کشمیری بھارتی استبداد سے نجات کے لیے سید علی گیلانی کو امید کی کرن تصور کرتے ہیں، ان کا وجود کشمیریوں کے لیے باعث حوصلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی  عزم وہمت کی ایک چٹان ہیں اور کوئی دنیاوی عہدہ، جبر، تشدد یا قید حتی کہ کوئی بھی چیز آپ کو جھکا نہیں سکی،ان کےغیرمتزلزل عزم نے واضح کردیا کہ کسی بھی جبر سے کشمیریوں کو محکوم نہیں بنایا جاسکتا ہے۔

شاہ محود قریشی نے کہا کہ نہتے کشمیریوں کی حق خود ارادیت کیلئے کی جانے والی جدوجہد میں  کشمیریوں کےساتھ ہیں،مسئلہ کشمیر کا حل خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے، کشمیریوں کے ساتھ مکمل اور بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔