ایم ڈی اے کے الاٹیزکے مسائل فوری حل کیے جائیں ٗحافظ نعیم الرحمن

413
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ادارہ نورحق میں ملیر ڈولپمنٹ اتھارٹی کے متاثرہ الاٹیز کا وفد ملاقات کررہا ہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے امیرحافظ نعیم الرحمن نے صوبائی و شہری حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ہزاروں الاٹیز کے مسائل حل کیے جائیں ،ان کو پانی ، بجلی ،گیس سمیت دیگر بنیادی ضروریات فراہم کی جائیں اورالاٹیز کو فوری طور پر قبضہ دے کر مالکانہ حقوق دیے جائیں ،عوام پہلے ہی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ، شہر مسائلستان بنا ہوا ہے ، اگر متاثرہ الاٹیز اورشہریوں کو درپیش سنگین مسائل کو حل نہ کیا گیا تو جماعت اسلامی متاثرین کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاج کرے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے متاثرہ الاٹیز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفدمیں اشفاق احمد ،محمد ساجد ،ظفر خان، فرہاد ، مقصود ،رومان جعفری ،نعمان شاہ ودیگر شامل تھے ۔اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سیکرٹری عبدالوہاب ،پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کے نائب صدر عمران شاہدو دیگر بھی موجود تھے ۔ وفد نے حافظ نعیم الرحمن کو بتایا کہ 3ہزار ایکڑ پر مشتمل ایم ڈی اے گزشتہ 20سال کا عرصہ گزرجانے کے باوجود پانی ، بجلی اور بنیادی ضروریات زندگی سے محروم ہے اور ایم ڈی اے کے 25 ہزار الاٹیزکو اب تک قبضہ نہیں دیا گیا۔وفد نے مزید بتایا کہ سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے دور میں ایم ڈی اے میں ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوا تھا لیکن اس کے بعد ایم ڈی اے کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ، ہم نے صوبائی و شہری حکومت اور متعلقہ اداروں سے بھی بات کی ہے لیکن ہماری کوئی شنوائی نہیں ہوتی ۔وفد نے کہاکہ ہم سب کی نظریں جماعت اسلامی پر ہیں اور امید ہے کہ جماعت اسلامی ہمارے ان مسائل کے حل کے لیے ہماری آواز بنے گی۔حافظ نعیم الرحمن نے وفد کا خیر مقدم کیا اور مکمل تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کرائی اورکہاکہ عوام ایسے لوگوں کو اقتدار میں لائیں جو ان کے مسائل کا ادراک اور انہیں حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ جماعت اسلامی نے ماضی میں بھی شہرکی بے لوث خدمت کی ہے اور ریکارڈ ترقیاتی کام کیے ہیں ،عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ شہر کراچی پھر سے ترقی کی جانب گامزن ہو۔