شیخ رشید نے مولانا فضل الرحمن پر آرٹیکل 6 لگانے کی مخالفت کردی

341

لاہور:وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے مولانا فضل الرحمن پر آرٹیکل 6 لگانے کی مخالفت کردی۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے لاہور ریلوے ہیڈ کواٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریلوے میں ٹیکنالوجی تبدیل کرنے جارہے ہیں جبکہ ترکی کے ساتھ 13 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں۔

مولانا فضل الرحمن کے دوبارہ مارچ کے اعلان پر شیخ رشید نے کہا کہ مارچ میں لوگ آنا چاہتے ہیں تو شوق سے آئیں اس بار مارچ والوں سے پہلے جیسے برتائو نہیں ہوگا اس بار مولانا فضل الرحمن اسلام آباد آئے تو دھر لیے جائیں گے اور سرکاری مہمان بنالیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے جو گفتگو کی اس پر آرٹیکل 6 لگ سکتا ہے مگر میں مولانا فضل الرحمن پر آرٹیکل 6 لگانے کا حامی نہیں ہوں۔

شیخ رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرنا سب کا کام ہے، میرے شہر میں ایک انچ زمین کسی کے قبضے میں نہیں، کراچی سرکلر ریلوے میں بہت سی رکاوٹیں ہیں، سرکلر ریلوے کا وزیراعلیٰ سندھ سے مل کر حل نکالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی فارغ نہیں ہورہا، وزیراعظم عمران خان بہت محنت سے کام کررہے ہیں اور تمام سیکورٹی ادارے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمن پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔