کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کے لیے سروے کا آغاز

382

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سپریم کورٹ کی جانب سے کراچی سرکلر ریلوے کو 3 ماہ میں مکمل بحال کرنے کے احکامات کے بعد سرکلر ٹرین کی بحالی سے متعلق سروے کا آغاز کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان نے کراچی سرکلر ریلوے کو 3 ماہ میں مکمل آپریشنل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے جس پر عمل درآمد شروع ہوگیا ہے،

محکمہ ریلوے نے سرکلر ٹرین کی بحالی سے متعلق سروے کا آغاز کر دیا ہے، سروے میں کے سی آر کے ابتدائی روٹس اور مرمت سے متعلق جائزہ لیا جائے گا۔محکمہ ریلویکراچی سرکلر ریلوے پر مرحلہ وار کام کا آغاز کرے گا، پہلے مرحلے میں وزیر مینشن اور ڈرگ روڈاسٹیشن کے درمیان ٹریک بحال کیاجائے گا،

دوسرے مرحلے میں دیگر روٹس پربحالی کے کام کا آغاز ہو گا اور اسے جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی،

واضح رہے کہ بدھ کو ریلوے خسارے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کراچی سرکلر ریلوے میں سندھ حکومت کو شامل کرنے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر یہ منصوبہ سندھ حکومت پر چھوڑ دیا جائے تو کچھ نہیں ہوگا۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ایسی صورت میں کراچی سرکلر ریلوے کا حال بھی کراچی ٹرانسپورٹ جیسا ہو جائے گا۔