آئی جی سندھ ڈاکٹرسیدکلیم امام سکھرلاڑکانہ اور بالخصوص کچے کے علاقوں میں امن وامان کی صورتحال پر ہدایت جاری کر دی ،

205

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سکھرلاڑکانہ اور بالخصوص کچے کے علاقوں میں روڈ نیٹ ورک اورجرائم کےخلاف باہمی مشاورت اورسیر حاصل اقدامات پر مشتمل جامع ایکشن پلان تیارکرکے برائے ملاحظہ ومزیدضروری ہدایات ارسال کی جائیں ۔ یہ ہدایات آئی جی سندھ ڈاکٹرسیدکلیم امام نے سکھر،لاڑکانہ اور کچے کے علاقوں میں امن وامان کی صورتحال پر سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ہونیوالے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کے دوران دیں۔

اس موقع پر سکھر لاڑکانہ رینج کے ایس ایس پیز نے متعلقہ اضلاع میں امن وامان کی موجودہ صورتحال اور مختلف نوعیت کے جرائم کےخلاف پولیس حکمت عملی، لائحہ عمل اور ایکشن پلانز پر علیحدہ علیحدہ تفصیلی بریفنگ دی جس پر آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ تین ماہ پر مشتمل پولیس کارکردگی رپورٹس کو میڈیا کے ساتھ شیئر کیا جائے تاکہ عام لوگوں میں پولیس پر اعتماد اور احساس تحفظ کے شعور کو مزید ٹھوس اور پائیدار بنایا جاسکے ۔

انہوں نے جرائم اور بالخصوص کچے کے علاقوں میں پولیس کے منظم،ٹھوس اور کامیاب کاروائیوں پر سکھر اور لاڑکانہ رینج کے افسران اور جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ گرچہ پولیسنگ مشکل سہی تاہم اگراپنے اہداف اور مقاصد کا تعین کرکے آگے بڑھا جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ کامیابیاں آپکا مقدر نہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کے بنیادی فرائض ہیں۔

لہٰذا ایسے اقدامات اُٹھائے جائیں جس سے اغواءبرائے تاوان،ہائی وے رابریز ودیگر سنگین جرائم کے انسدادی اقدامات کو نا صرف ٹھوس بلکہ ثمرآور بھی بنایا جاسکے ۔انہوں نے مزید ہدایات دیں کہ جرائم کےخلاف درکار افرادی قوت،اسلحہ ایمیونیشن اور بکتربند گاڑیاں آپکے ڈسپوزل پر لازماً دی جائینگی جسکا مقصد جرائم کےخلاف جنگ میں مقابلے کی استعدادی صلاحیت کو تقویت دیکر منظم اور مربوط بنانا ہے ۔