سیاسی شخصیت کے سابق فرنٹ مین کو زمینوں پر قبضے کے الزام میں 7ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا،

326

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سہراب گوٹھ پولیس نے ایک بڑی کارروائی کے دوران سندھ کی ایک بڑی سیاسی شخصیت کے سابق فرنٹ مین کو زمینوں پر قبضے کے الزام میں 7ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا ہے۔

سہراب گوٹھ پولیس کے مطابق سہراب گوٹھ کے قریب سپرہائی وے پر اراضی پر قبضے کی اطلاع پر سہراب گوٹھ پولیس نے فوری کارروائی کی۔ملزمان سپرہائی وے پر براق پٹرول پمپ کے قریب پانچ ایکڑ اراضی پر قبضہ کر رہے تھے۔پولیس کے مطابق اطلاع ملنے پر پولیس پہنچی تو ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کردیا، ملزمان کے تشدد سے ایک پولیس اہلکار کا بازو ٹوٹ گیا، جس پر مزید نفری بلوائی گئی۔

پولیس کے مطابق قبضہ گروپ کے سرغنہ علی حسن بروہی، علی نواز بروہی، اخلاق احمد، سانول، پسومل، شاہنواز اور عبداللہ کو گرفتار کرلیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق علی حسن بروہی سابقہ سیاسی شخصیت کا فرنٹ مین رہا ہے جو پہلے بھی گرفتار ہوچکا ہے،علی حسن بروہی کراچی سمیت سندھ بھر میں زمینوں پر قبضوں کا بڑا کردار ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان سے بھاری اسلحہ اور دیگر سامان برآمد ہوا، ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔