مسئلہ کشمیر پر ترک صدر کی حمایت کا خیر مقدم کرتے ہیں،جاوید قصوری

127

لاہور (نمائندہ جسارت) امیرجماعت اسلامی پنجاب وسطی اور صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہاہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے ترک صدر طیب اردگان نے اپنے خطاب میں مسلم امہ کو درپیش مشکلات اور خطرات کی درست نشاندہی کی ہے ۔ مسئلہ کشمیر پر ترک صدر کی حمایت کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے پہاڑ کھڑے کردیے ہیں ۔آئے روز مظالم کی نئی داستانیں رقم ہورہی ہیں۔ حکومت کومحض زبانی جمع خرچ سے کام نہیں لینا چاہئے بلکہ جموں وکشمیر کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے عملی سطح پر اقدامات کرنے چاہئیں۔یہ حکومت پاکستان کی اخلاقی اور آئینی و قانونی ذمہ داری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزلاہور میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ بھارت کی مسلسل ہٹ دھرمی کے باعث جنوبی ایشیاکے امن کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ انڈیا نے کشمیر میںنو لاکھ فوج کوکالے قوانین کے استعمال کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ چھ ماہ ہو گے ہیں مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہے ۔بھارت نے یہ ثابت کردیا ہے کہ اس پر جنگی جنون سوار ہوچکا ہے۔ بھارت کے اصل گھنائونے چہرے کو بے نقاب کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔محمد جاوید قصوری نے مزیدکہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے وہاں سے نکلنے والے دریاپاکستان کی زمینوں کو سیراب کرتے ہیں۔اس سے دستبرداری کاسوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔عالمی برادری اور اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کے لیے بھارت پر دبائوبڑھائے۔