فوج میرے ساتھ ہے، فضل الرحمن پر غداری کا مقدمہ ہونا چاہیے، وزیراعظم عمران خان

614

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فوج میرے ساتھ ہے‘ مولانا فضل الرحمن پر غداری کا مقدمہ ہونا چاہیے۔جمعہ کو وزیر اعظم ہائو س میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جو کرپشن کرتے ہیں فوج کا ڈر انہیں ہی ہوتا ہے ،میں کرپشن نہیں ملک کو ترقی دینے کے لیے محنت کررہا ہوں، آٹا بحران سے متعلق ابتدائی رپورٹ میں جہانگیر ترین اورخسرو بختیارکا نام نہیں جبکہ مسابقتی کمیشن اپنا کردارادا کرنے میں ناکام رہا، گیس اور بجلی کا خسارہ بڑا چیلنج ہے، بجلی کی قیمتیں مزید نہیں بڑھا سکتے اور اس بارے میں آئی ایم ایف سے معاملات طے پا جائیں گے،کچھ معاملات کوابھی منظر عام پر نہیں لاسکتے۔ انہوںنے کہا کہ جو لوگ حکومت گرانے کی کوشش میں ہیں ان کے ذاتی مفادات ہیں، ملٹری ایجنسیز کو معلوم ہوتا ہے کون کیا کررہا ہے،اپوزیشن حکومت جانے کی باتیں صرف اپنی پارٹی کو اکھٹا کرنے کے لیے کرتی ہے، یہ سیاسی مافیا ہے ان کو مہنگائی کی نہیں اپنی ذات کی فکر ہے، پٹواری اور تھانیدار کی کرپشن سے اتنا مسئلہ نہیں ہوتاجتنا لیڈر کی کر پشن سے ہو تا ہے ۔عمران خان نے کہا کہ معیشت نے سر اٹھایا تو مولانا فضل الرحمن کا دھرنا آگیا جس نے کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا، فضل الرحمان کے بیان پر آرٹیکل 6 (غداری) کا مقدمہ ہونا چاہیے، ان کے بیان کی تحقیقات ہونی چاہیے، معلوم ہونا چاہیے کہ کس نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ 3ما ہ میں حکو مت ختم ہو جا ئے گی ۔وزیراعظم نے کہا میرا میڈیا سے 40 سال کا تعلق ہے، پرویز مشرف کو میں نے مشورہ دیا تھا کہ ٹی وی چینلز کھولیں، میڈیا میں ڈیڑھ سال سے میرے اوپر ذاتی حملے کیے جارہے ہیں، کون سے جمہوری ملک میں وزیراعظم کو اس طرح نشانہ بنایا جاتا ہے۔ عمران خان نے شکوہ کیا کہ میرے خلاف خبر چلی جس پر پیمرا نے کارروائی کی، پیمرا کے ایکشن کے خلاف چینل نے عدالت سے حکم امتناعی لیا، میں وزیراعظم ہوں مجھے سوا سال سے انصاف نہیں ملا، بطور وزیراعظم کھل کر بات بھی نہیں کر سکتا۔عمران خان کا اپنی تنخواہ کو کم قرار دیتے ہوئے کہنا تھا کہ میں اپنا سارا خرچہ خود برداشت کرتا ہوں، سب کو پتا ہے میں کتنی محنت کررہا ہوں، شاید میں دنیا کاسب سے کم تنخواہ لینے والا وزیراعظم ہوں، میرا صرف سیکورٹی کا خرچہ ہے جو مجبوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن اصلاحات کے لیے قوانین لارہے ہیں، الیکٹرانک ووٹنگ اور بائیومیٹرک سسٹم کو لازمی قرار دیں گے، سینیٹ الیکشن خفیہ رائے شماری سے نہیں ہوں گے، شو آف ہینڈز (ہاتھ بلند کرنا) سے سینیٹ الیکشن کا قانون لائیں گے تاکہ اس میں کر پشن نہ ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار ملک سے بھا گے ہو ئے ہیں ، ان کے گھر کو پناہ گاہ بنانے کا میرا فیصلہ تھا لیکن عدالت نے اسٹے دے دیا تو میں کیا کرسکتا ہوں؟ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج تیل اور گیس سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانا ہے۔