وائس چیف آف نیول اسٹاف، وائس ایڈمرل محمد فیاض جیلانی نے بحری حدود میں جدید جہازوں کی اہمیت پر زور دیا،

290

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس یرموک کی کمیشننگ تقریب کا انعقاد رومانیہ کی بندرگاہ کانسٹنٹا میں کیا گیا۔ وائس چیف آف نیول اسٹاف، وائس ایڈمرل محمد فیاض جیلانی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے بحری حدود میں جدید جہازوں کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ بحری بیڑے میں ان جہازوں کی شمولیت پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیت کو بڑھانے اور سمندری مفادات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گی۔ مہمان خصوصی نے M/s DAMEN شپ یارڈز کی پیشہ وارانہ قابلیت اور اعلی معیار کے پلیٹ فارم کی بر وقت تعمیر کو بھی سراہا۔پی این ایس یرموک الیکٹرانک وارفیئر، اینٹی شپ اور اینٹی ائیر وارفیئر پلیٹ فارم ہے جس میں جدید دفاعی نظام اور خود ساختہ تحفظ کی صلاحیت موجود ہے۔

یہ جہاز بیک وقت مختلف میری ٹائم آپریشنز سر انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے جن میں ہیلی کاپٹر اور یو اے ویز کی نقل و حرکت شامل ہے۔ علاوہ ازیں، پاک بحریہ کے ساتھ دو کورویٹ تعمیر کرنے کے معاہدے کے تحت دوسرا جہاز پی این ایس تبوک رواں سال کے وسط میں پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل ہوجائے گا۔کمیشننگ تقریب میں چیف نیول اوور سیئر(رومانیہ)، دوست ممالک کے سفارت کار،M/s DAMENشپ یارڈز کے سینئر مینجمنٹ گورینشم اینڈ گولاٹی اور وزارت دفاعی پیداوار پاکستان کے عہدیداران نے شرکت کی۔