ترکی کا پاکستان کیساتھ تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک لے جانے کا اعلان

306

ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان سے تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک لے جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا پاکستان کی ہر ممکن مدد کیلئے تیار ہیں۔

اسلام آباد میں پاک ترک بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدررجب طیب اردوان نےکہا کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے اور یہاں آنے پر بے حد خوشی ہوئی ہے،بہترین مہمان داری پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ترک صدر نے کہا کہ اعلیٰ سطح تذویراتی تعاون کونسل کا چھٹا اجلاس آج دونوں ملکوں کے درمیان ہوگا، توقع ہے کہ پاکستانی قیادت سے ہونے والی ملاقاتیں دوطرفہ تعلقات میں مفید ثابت ہوں گی، اعلیٰ سطح دوروں سے دوطرفہ تعاون کے لئے امکانات سامنے آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کا باہمی تجارتی حجم اپنی صلاحیت سے کہیں کم ہے، ہمیں پہلے مرحلے میں دوطرفہ تجارتی حجم کو ایک ارب ڈالر پھر 5 ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتے ہیں،ہمیں دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینا چاہیے، ترکی نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ کیا ہے، چاہتےہیں مزیدپاکستانی تاجر بھی ترکی میں سرمایہ کاری کریں۔

ترکی کو بھی مشکل معاشی حالات کا سامنا تھا

طیب اردوان نے کہا کہ ترکی کو بھی مشکل معاشی حالات کا سامنا تھا، ترکی پر سرکاری قرضہ 72فیصد تھا جسے کم کر32فیصد لائے،ترک حکومت اور عوام نے عزم و ہمت سے اپنی مشکلات پر قابو پایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دفاعی شعبوں میں تعاون مزید مضبوط ہو رہا ہے، دونوں ملکوں میں ٹرانسپورٹیشن، صحت ، تعلیم توانائی کے شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں، ترک کمپنیاں پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

ترک صدر نے کہا کہ ہیلتھ کیئر کے دنیا بھر سےلوگ ترکی کا رخ کررہے ہیں، ترکی نے جدید ہسپتال تعمیر کئے ہیں،ترکی میں اعلیٰ علاج کی تمام سہولتیں میسرہیں، پاکستانیوں کےعلاج کیلئےترکی کےدروازےکھلےہیں۔

طیب اردوان نے پاکستان کے ساتھ ٹی وی ڈرامہ انڈسٹری اور سیاحت پر مشترکہ منصوبے بنانے کےعزم کا اظہارکیا،انہوں نےکہا کہ ترک ڈرامہ سیریلز پاکستان میں بے حد مقبول ہیں ہمیں مسلم امہ کیلئے مشترکہ میڈیا پالیسی اپنانے کی ضرورت ہے۔