امریکی صدر کے دورہ بھارت کے دوران کشمیر کا معاملہ اٹھایا جائے،ترجمان دفتر خارجہ

309

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ امید ہے امریکی صدر کے دورہ بھارت کے دوران کشمیر کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک سے زائد بار مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی ہے مگرامریکہ کی جانب سے بھارت کو جدید ائیر سسٹم کی فراہمی پر پاکستان کو تشویش ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم کیساتھ بھارت نے ایک سال کے دوران 272 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی، بھارت خطے میں ہائی پروفائل دوروں سے قبل حالات خراب کرنا چاہتا ہے۔

 عائشہ فاروقی نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کے دورہ بھارت کے دوران کشمیر کا معاملہ اٹھایا جائے گا، جو خطے میں عدم استحکام کی بڑی وجہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چاہتے ہیں کہ امریکی صدر کی اس پیشکش کو عمل میں بدلا جائے، جو خطے میں عدم استحکام کی بڑی وجہ ہے۔

ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی نے ایف اے ٹی ایف سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر عالمی شراکت دار پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے پرامید ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 24 اور 25 فروری کو انڈیا کے 2 روزہ دورے پر ہوں گے۔