عمران خان کیخلاف ہیلی کاپٹر کیس بند کرنے کا فیصلہ

222

وزیراعظم عمران خان کے خلاف ہیلی کاپٹر اسکینڈل بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے وزیراعظم کے خلاف ہیلی کاپٹر اسکینڈل بند کرنے کا فیصلہ کر لیا  ہے۔

عمران خان پر الزام ہے کہ انہوں نے تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے دوران خیبرپختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹرز پر 18000 کلومیٹر ، یعنی 74 گھنٹے سفر کیا جس سے سرکاری خزانہ کو نقصان پہنچا۔

اس حوالے سے نیب اور سرکاری ذرائع سے تصدیق کرنے کی کوشش کی گئی تو کسی نے بھی تردید یا تصدیق نہیں کی، نیب اور سرکاری ذرائع وزیراعظم کے خلاف ہیلی کاپٹر اسکینڈل بند کرنے پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں اور اس پراسرار خاموشی نے شکوک و شبہات کو مزید بڑھا دیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خبر پر موقف جاننے کے لیے نیب کے مرکزی ترجمان سے متعدد بار رابطہ کیا گیا تاہم انہوں نے موقف دینے سے انکار کردیا۔

گزشتہ سال 19 جون کو  یہ بات سامنے آئی تھی کہ خیبرپختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کے کیس میں وزیراعظم  عمران خان کا نام غائب کردیا گیا ہے۔

قومی احتساب بیورو(نیب ) کے زیرتفتیش 71افرادکی فہرست سے عمران خان کا نام اور ہیلی کاپٹرکے کیس کا تذکرہ نہیں ہے۔

قومی احتساب بیورو پشاور کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب خیبرپختونخوانے9 ماہ قبل تفتیش مکمل کرکے فائل ہیڈ کوارٹرارسال کی تھی۔ کیس ابھی تک نیب کے کسی ایگزیکٹیوبورڈ ایجنڈے پر بھی نہیں لایا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب میں خیبرپختونخوا کے 18افراد کے خلاف میگا کرپشن اسکینڈل کی تفتیش جاری ہے۔ عمران خان پرخیبرپختونخوا کے دو ہیلی کاپٹرز کو 74 گھنٹے سے زائد غیرقانونی استعمال کے حوالے سے تحقیقات شروع کی گئیں۔

یاد رہے گزشتہ برس 8اگست کو عمران خان نے وزارت عظمی کے حلف سے قبل نیب پشاور میں اپنا بیان بھی ریکارڈ کرادیا تھا۔نیب  ذرائع کے مطابق عمران خان ایک گھنٹہ 10 منٹ نیب دفتر میں موجود رہے جبکہ نیب  ٹیم نے 30 منٹ تک عمران خان سے سوالات کیے۔