حکومت آئی ایم ایف سے کیے گئے تمام معاہدے منسوخ کرے،سراج الحق

94
اسلام آباد:امیر جماعت اسلامی سراج الحق مہنگائی اور آئی ایم ایف معاہدے کیخلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کررہے ہیں

لاہور ( نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف سے کیے گئے تمام معاہدے فوری منسوخ کرے۔ حکومت ملک کی جمع پونجی آئی ایم ایف کے حوالے کر رہی ہے۔ مہنگائی سے ملک دیوالیہ، تبدیلی کا نعرہ قبر کے سکون میں دفن ہو گیا۔20 فروری سے مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کررہے ہیں۔ حکومت عوام کو سبسڈی نہیں، دھوکا دے رہی ہے۔ ڈاکٹر، مریض، کسان، مزدوراساتذہ، طلبہ، ملازمین سب پریشان ہیں۔موجودہ حکومت کے آنے کے بعد سانس لینا مشکل ہو گیا ہے۔پاکستان کے 22کروڑ عوام شدید معاشی بحران کا شکار ہیں۔پاکستانیوں کی لیے اب پانی پینا بھی مشکل ہو گیا ہے۔حکومت نعروں اور اعلانات تک محدود ہے۔آج پاکستان کی حکومت کا پائوں عوام کی گردن اور ہاتھ گریبان پر ہے۔حکومت ہر روز جھوٹے اعلانات کرتی ہے،دن بدن ملک کی معاشی صورتحال بد سے بدتر ہو رہی ہے۔لوگ مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں تنگ آکر خودکشیاں کر رہے ہیں۔ لوگ گندم، آٹا، چینی اور دال کے لیے لائن میں لگے ہوئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے مہنگائی و بے روزگاری کے خلاف مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہر روز غلط اعداد و شمار سے قوم کو گمراہ کیا جاتا ہے پوری قوم حکومت کے آئی ایم ایف معاہدے کے خلاف ہے ۔انہوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے زہر کے نوالے ہیں جو عوام ہضم نہیں کر سکتے۔ علاج بہت مہنگا ہونے کی وجہ سے مریض اسپتالوں میں جا کر موت کی دعا ئیںکرتے ہیں۔ زراعت کے ہوتے ہوئے بھی دالیںاور سبزیاں عوام کی پہنچ سے باہر ہیں۔ وزیراعظم کے دائیں بائیں بیٹھے لوگوںنے چینی کی بلیک مارکیٹنگ سے 45ارب روپے اور آٹے میں 55ارب کمایا۔انہوں نے کہا کہ احتساب مذاق بن چکا ہے ۔پورے ملک سے مزدور، تاجر اساتذہ ،وکلا ،طلبہ، ملازمین سب کو شریک کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ قومی اسمبلی کے ہر اجلاس میں آئی ایم ایف سے معاملات پر باتیں ہوتی ہیں۔ورلڈ بینک سے آئے ہوئے لوگ کیسے معاشی بہتری لائیں گے؟ 18 ماہ گزر گئے لیکن اب تک حکومت کا کوئی قبلہ معلوم نہیں۔ تعلیم کو این جی اوز اور صحت کو ٹھیکیداروں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ قوم20فروری کی مہنگائی اور بے روزگاری کی تحریک میں جماعت اسلامی کا ساتھ دے ۔جماعت اسلامی عوام کی ترجمان ہے ۔غریب عوام کی جیب پر حکومت مسلسل ڈاکا ڈال رہی ہے۔ اب یہ تماشا نہیں چلے گا۔اب نوجوان آگے بڑھ کر اپنا حق لیں گے۔
سراج الحق