برطانوی وزیر خزانہ ساجد جاوید نے وزیراعظم سے اختلاف پر استعفی دیدیا

430

پاکستانی نژاد برطانوی وزیر خزانہ ساجد جاوید نے وزیراعظم بورس جانسن سے اختلافات کی بناء پر استعفی دیدیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کی جانب سے کابینہ میں تبدیلیوں کے بعد پاکستانی نژاد وزیر خزانہ جو بریگزیٹ کے بعد آئندہ ماہ بجٹ پیش کرنے والے تھے ان کے بارے خیال ظاہر کیا جارہا تھا کہ وہ اپنے عہدے پر کام جاری رکھیں گے،تاہم جمعرات کو ٹین ڈاوننگ اسٹریٹ میں جانسن کے ساتھ ملاقات میں پیدا ہونے والے اختلاف کے بعد انہوں نے عہدے سے استعفی دیا ہے۔

بی بی سی کی رپورٹ کےمطابق ساجد جاوید کووزیر اعظم کی جانب سے اپنے معاونین کی ٹیم کو فارغ کرنے کا کہا تھا جسے انہوں نے مسترد کردیا تھا ،ان کا موقف تھا کہ کوئی بھی خود دار وزیر اس طرح کی شرط قبول نہیں کرسکتا۔

جاوید کے اس فیصلے کے کچھ دیر بعد ہی بورس جانسن نے چیف سیکرٹری خزانہ رشی سوناک کو نیا وزیر خزانہ نامزد کردیا۔

واضح رہے کہ سابق ہوم سیکرٹری جاوید کوجانسن نے وزیر اعظم بننے کے بعد  گزشتہ سال جولائی میں وزیر خزانہ کے عہدے پر تعینات کیاتھا۔