دہلی کے عوام نے مودی سرکار کی پالیسیوں کو مسترد کردیا،ترجمان دفتر خارجہ

466

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دہلی کے عوام نے مودی سرکار کی پالیسیوں کو مسترد کردیا ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی حکومت نے دہلی انتخابات کے دوران پاکستان پر الزامات لگائے جبکہ خود دہلی کے عوام نے مودی سرکار کی پالیسیوں کو مسترد کردیا ہے۔

عائشہ فاروقی نے کہا کہ اس طرح کے الزامات سے بھارت خطے میں صورتحال خراب کرنا چاہتا ہے جو باعث تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہو چکا ہے، پاکستان نے بھارتی اشتعال انگیزی پر شدید احتجاج کیا۔

عائشہ فاروقی نے کہا کہ ترک صدر طیب اردوان 2 روزہ دورے پر آج پاکستان آ رہے ہیں، برادر ملک نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بھی پاکستان آ رہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے مزید کہا کہ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نام نکلنے کیلئے پرامید ہیںم اس معاملے پر دوست ممالک مدد کریں گے۔