عالمی ادارہ صحت نے کورونا کو دہشتگردی سے بڑا خطرہ قرار دیدیا

187
جاپان: کورونا وائرس کے باعث وباآلود قرار دیے گئے جہاز کو فوج ضروریات پہنچا رہی ہے‘ متاثرین کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے

جنیوا (انٹرنیشنل ڈیسک) عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈنوم کا کہنا ہے کہ چین سے پھیلنے والے کورونا وائرس کے نتائج کسی بھی دہشت گردی کے واقع سے زیادہ ہوسکتے ہیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے اور اس سے نمٹنے کے لیے عالمی ادارہ صحت کا اجلاس جنیوا میں ہو رہا ہے، جس میں ادارے کے سربراہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس چین کے بعد پوری دنیا میں بہت تیزی سے پھیل رہا ہے جو ایک سنگین خطرہ بنتا جارہا ہے اور ایک اندازے کے مطابق اس وائرس کی ویکسین تیار کرنے میں 18 ماہ لگ سکتے ہیں، لہٰذا ہمیں موجودہ صورتحال میں تمام دستیاب وسائل کے ذریعے سے اس مسئلے کا حل نکالنا ہوگا۔ جنیوا اجلاس میں عالمی ادارے نے وائرس سے لگنے والی بیماری کو کووِڈ 19 کا نام دے دیا۔ دوسری جانب جاپانی ساحل کے قریب لنگر انداز جہاز پر سوار مزید 39 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد اس کے 3700 مسافروں میں سے 175 افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے، جن میں سے 10 جاپانی اور دیگر کا تعلق امریکا اور چین سمیت 11 ممالک سے ہے۔ اُدھر چین میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 97 افراد کی ہلاکت کے بعد مجموعی تعداد ایک ہزار 113 ہو گئی ہے۔