سرکاری حج اسکیم میں ارکان پارلیمنٹ کا کوٹہ بحال

775

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے سرکاری حج اسکیم میں ارکان پارلیمنٹ کا کوٹہ بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق  حکومت کی جانب سے حج پالیسی 2020 مرتب کرلی گئی ہے جیسے منظوری کیلئے آج کابینہ میں پیش کیا جائے گا ۔ رواں سال حج پیکج ساڑھے 5 لاکھ روپے مقررکیا گیا ہے اورسرکاری حج اخراجات میں گزشتہ سال کی نسبت اس سال ایک لاکھ 13 ہزار روپے کا اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کی ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ دستاویز کے مطابق 2020 میں ایک لاکھ 79 ہزار210 پاکستانی حج پر جائیں گے، حج کوٹے کا 40 فیصد حصہ پرائیویٹ حج اسکیم کو دیا جائے گا جبکہ گزشتہ 3سال سے قرعہ اندازی میں ناکام رہنے والے عازمین کو بغیر قرعہ اندازی منتخب کیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ میں پیش کی جانے والی حج پالیسی کے مطابق 70 سال سے زائد عمر شہریوں کیلئے 10ہزار کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ارکان پارلیمنٹ کی درخواست پر 2 ہزار افراد کا کوٹہ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور کی صوابدید پر ہوگا۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے ارکان پارلیمنٹ اورسرکاری افسران کے کوٹے اور سرکاری مراعات ختم کرکے میرٹ پر حج قرعہ اندازی کا اعلان کیا تھا۔