رواں سال موسم گرما میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی،

337

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال موسم گرما میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی، پاکستان کے پاس ضرورت سے زیادہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے،

تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پورٹ قاسم الیکٹرک پاور کمپنی کا دورہ کیا، جہاں پاور پروجیکٹ حکام نے گورنر سندھ کوبریفنگ دی اور پلانٹ کا دورہ کرایا،

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا چین اور قطر کی سرمایہ کاری سے پاور کمپنی بنائی گئی ہے، منصوبے پر 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے، یہ منصوبہ ملکی ضرورت کا 13 فیصد پوراکررہا ہے،

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، سی پیک پاکستانی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، سی پیک کے تحت کوئی بھی ملک سرمایہ کاری کرسکتا ہے،

ان کا کہنا تھا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ صرف چین کو سرمایہ کاری کی اجازت ہے، پاکستان کے پاس ضرورت سے زیادہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے،

گورنر سندھ نے اعلان کیا کہ رواں سال موسم گرما میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔