حفیظ شیخ اور رضا باقر کسی صورت تبدیل نہیں ہونگے،وزیراعظم

305
اسلام آباد، وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت مہنگائی میں کمی کے حوالے سے اجلاس ہورہا ہے

اسلام آباد (نمائندہ جسارت،خبر ایجنسیاں ) وزیراعظم عمران خان نے مشیر خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک کو تبدیل کرنے کی خبریں مسترد کردیں۔ انہوں نے کہا کہ مشیر خزانہ اور گورنر مرکزی بینک بہترین کام کر رہے ہیں، ان کو تبدیل نہیں کیا جارہا، مشیر خزانہ کو اہم اقدامات اور فیصلوں پر عمل تیز کرنے کا کہہ دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک کی سیاسی ، معاشی اور مہنگائی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم نے ملکی صورتحال کے حوالے سے ترجمانوں کو گائیڈ لائنز دیں۔ وزیراعظم نے پارٹی اور حکومتی ترجمانوں کو دوٹوک بتایا کہ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر بہترین کام کر رہے ہیں، ان کو تبدیل نہیں کیا جارہا، مشیر خزانہ کو اہم اقدامات کی ہدایت کی اور فیصلوں پر عمل تیز کرنے کا کہہ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شبر زیدی بیمار ہیں ن کی جگہ نیا چیئرمین لا رہے ہیں، شبر زیدی میری درخواست پر صرف 6 مہینے کیلیے آئے تھے، معاشی ٹیم کو نیا چیئرمین لانے کی ہدایت کردی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مہنگائی کے خلاف 15 ارب کا پیکج لایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یوٹیلیٹی سٹور کے ذریعے کھانے پینے کی چیزوں پر ریلیف دیا جائے گا۔ کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتوں کو ضلع کی سطح پر انتظامیہ کے ذریعے مانیٹر کیا جائے گا۔اس کے علاوہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ 15 ارب روپے کے پیکج میں تمام اہم اشیائے خورونوش شامل ہونگی۔ عام شہریوں کو یوٹیلیٹی سٹورز سے سستی اشیا ملیں گی۔ وزیراعظم نے گھی، دالیں، چینی چاول سستے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، گھی، دالیں،چینی، چاول اور آٹا 10 سے 25 فیصد سستا فروخت کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فروری سے جون 2020 تک ہر ماہ یوٹیلٹی اسٹورز کو 2 ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی اور ملک بھر کے 7 ہزار یوٹیلٹی اسٹورز پر سستی اشیاء دستیاب ہوں گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ 15 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی منظوری منگل کو ہونے والے اجلاس میں دے گی۔پہلا پیکج جون تک ہوگا، جولائی میں نیا پیکج آئے گا، چاول، تین سے چار قسم کا آئل اور گھی اور آٹا یوٹیلٹی اسٹورز پر سستا ملے گا۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے 2 لاکھ ٹن گندم خریدنے کی ہدایت بھی جاری کردی ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ کوئی غریب مہنگائی کی وجہ سے تنگ نہ ہو، وفاقی حکومت ضلعی، تحصیل اور یونین کونسل سطح پر کمیٹیاں بنائے گی۔یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ سستے تندوروں کی تعداد 10 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار تک کی جائے گی، وفاقی حکومت سستے تندوروں کو ادھار آٹا فراہم کرے گی جبکہ یوٹیلٹی اسٹورز پر 20 کلو آٹے کا تھیلا 800 روپے میں ملے گا۔اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح پاکستان کی عوام اور خصوصا غریب اور تنخواہ دار طبقہ ہے جس کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت ہر حد تک جائے گی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اجلاس میں ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہا کہ گندم اور آٹا بحران کے ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لوں گا۔علاوہ ازیںوزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے برادارانہ تعلقات تاریخی اہمیت کے حامل ہیں، دونوں ممالک مشکل کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں، ترک صدر رجب طیب اردوان کا دورہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبہ جات میں تعاون کو فروغ دینے میں اہم سنگ میل ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ترک صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیرِ برائے اقتصادی امور حماد اظہر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، متعلقہ وزارتوں کے وفاقی سیکرٹریز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ترک صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبہ جات میں دوطرفہ تعلقات و تعاون کو فروغ دینے کے حوالہ سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے برادارانہ تعلقات تاریخی اہمیت کے حامل ہیں اور دونوں ممالک مشکل کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی نے مسئلہ کشمیر پر جس واضح انداز میں پاکستان کے اصولی مؤقف کی حمایت کی ہے وہ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی قیادت کی مخلصانہ کوشش ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان ہر شعبہ میں دوطرفہ تعلقات خصوصاً معاشی تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبہ جات میں تعاون کو فروغ دینے میں ترک صدر کا دورہ اہم سنگ میل ہو گا۔ وزیرِاعظم نے متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ اعلیٰ سطحی دورہ کے دوران طے پانے والے معاملات پر عملدرآمد اور ان کو پایہ تکمیل تک پہنچانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔قبل ازیںوزیراعظم عمران خان سے سابق کرکٹرز نے ذاکر خان کی قیادت میں ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے پیر کو جاری بیان کے مطابق سر رچرڈ بنیامین رچرڈسن، ڈینی موریسن، رمیض راجا، زرک خان بھی ذاکر خان کیساتھ تھے۔ ملاقات کے دوران کرکٹ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثناء وزیر اعظم عمران خان سے برطانوی ہائی کمشنر نے ملاقات کی جس میںدو طرفہ تعلقات ، معیشت میں بہتری ، علاقائی مسائل اور موسمیاتی تبدیلیوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،برطانوی ہائی کمشنرکرسٹین ٹرنر نے کہا کہ پاک برطانیہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے مواقع موجود ہیں ،ہم دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے تعاون کرنے کو تیار ہیں ۔پیر کو وزیر اعظم عمران خان سے برطانوی ہائی کمشنر نے ملاقات کی جس میںدو طرفہ تعلقات ، معیشت میں بہتری ، علاقائی مسائل اور موسمیاتی تبدیلیوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم عمران خان