اشیائے خورونوش کی قیمتیں غریب کی قوت خرید سے بہت اوپرہیں

71

کراچی (اسٹاف رپورٹر )کراچی تاجر الائنس کے چیئرمین و بانی عام آدمی پاکستان ایاز میمن موتی والا کی جے ڈی سی کے رہنما ظفر عباس سے ملاقات۔ جے ڈی سی کی جانب سے روزگارپروگرام کے اجرا پر خراج تحسین اور اپنی جانب سے دس عدد موٹر سائکلیں خریدنے کے لیے چیک بھی پیش کیا،ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی سطح اس وقت پاکستان کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، حکومتی پالیسیوں نے غریب عوام سے روزگار تک چھین لیا ہے ایسے میں جے ڈی سی سمیت کچھ سماجی تنظیموں نے عوام کو روزگار دینے کا جو بیڑہ اٹھایا ہے وہ قابل تحسین ہے ،ان کا کہنا تھا کہ بلند و بانگ دعوے کرنے والو ں نے ایسے حالات پیدا کر دیے ہیں کہ عوام خودکشی پر مجبو ر ہوگئے ہیں ، موجودہ وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں اورنااہلی کیوجہ سے مہنگائی اور بیروزگاری میں اضافہ ہوا اور وزیراعظم عمران خان عوام کو صرف دلاسے دے رہے ہیںکہ گھبرانہ نہیں ہے، اس موقع پر جے ڈی سی کے رہنما ظفر عباس نے ایاز میمن موتی والا کی سماجی کاوشوں کی تعریف کی اور روزگار پروگرام کے حوالے دس عدد موٹرسائکلیں دینے پر ان کا شکریہ ادابھی کیا۔
،ایاز میمن کا مزیدکہنا تھا کہ اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں اور وفاقی حکومت نے اپنے من پسند افرادکو نوازنے کے لیے گندم اور چینی کا بحرا ن پیدا کیا،عمران خا ن اب اس بات کو تسلیم کریں کہ وہ مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں اور حکومت چلانا ان کے بس کی بات نہیں ہے ،زبانی دعوے اور عملی کام میں بہت فرق ہوتا ہے، تحریک انصاف کی وہ معاشی ٹیم کہاں ہے جس کا عمران خان اپنی تقریروں میں ذکر کیا کرتے تھے، ملک کی معاشی صورتحال اس قدر خراب ہے کہ تاجر برادری شدید مالی مشکلات میں مبتلا ہوگئی ہے اور غریب لوگ مفلسی کی سطح پر پہنچ گئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری قوم مہنگائی اور معاشی مشکلات کی وجہ سے شدید ذہنی اذیت کا شکار ہے، گزشتہ حکومت میں ملک کے معاشی آج کی نسبت بہت بہتر تھے اور کاروبار بھی عروج پر تھا جبکہ ایک عام انسان بھی خوشحال تھا، اگر بلاول بھٹو نے مہنگائی کے خلاف احتجاج یا دھرنے کی کال دی تو پوری تاجر برادری اور قوم ان کے ساتھ ہوگی کیونکہ موجودہ حکومت سے نجات ہی آخری حل ہے ، وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیو ں کی وجہ سے آٹا، دال ، چاول ، چینی، سبزیاں ، سمیت تمام اشیائے خورونوش عوام کی قوت خریدسے باہر ہو گئی ہیں ، تحریک انصاف کی حکومت غریبوں کو ختم کرنے کی پالیسی پر چل رہی ہے، وفاقی حکومت اس وقت آئی ایم ایف کے اشاروں پر ناچ رہی ہے اور حکمرانوںکی کم علمی اور نااہلی کی سزا غریب عوام کو بھگتنی پڑ رہی ہے۔