حکومت اور ق لیگ میں معاملات طے،پرویز الہیٰ نے تصدیق کردی

149

لاہور(نمائندہ جسارت )حکومت اور(ق)لیگ میں معاملات طے‘ پرویز الٰہی نے تصدیق کردی۔ حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کی قیادت کے درمیان پیر کو لاہور میں چودھری برادران کی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی جس میں اتحاد کو قائم رکھنے اور غلط فہمیوں کو دور کرنے کے امور پر بات چیت ہوئی ٗ حکومتی مذاکراتی کمیٹی میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور ٗ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ٗ وفاقی وزراء پرویز خٹک ٗ اسد عمر اور شفقت محمود شامل تھے جبکہ
مسلم لیگ (ق) کی قیادت میںا سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی ٗچودھری مونس الٰہی ٗطارق بشیر چیمہ اور چودھری سالک حسین شامل تھے۔ بعدازاں حکومتی کمیٹی اور مسلم لیگ (ق) کے رہنمائوں نے میڈیا سے بات چیت کی ۔چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ انہیں وزیراعظم عمران خان کی قیادت ٗ جدوجہد اور ملکی ترقی کے لیے کوششوں پر کوئی شک نہیں تاہم طریقہ کار میں بہتری لانے کے لیے مل کر محنت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا اتحاد آئندہ انتخابات تک رہے بلکہ عوام کو ڈلیور کرنے کے بعد ہم اکٹھے الیکشن میں جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات طے ہے کہ اگر ہم مشاورت سے کام کریں گے تو اس میں برکت اور اللہ کی مدد بھی شامل ہو گی۔وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ حکومت اور مسلم لیگ (ق) کے درمیان معمولی باتوں پر لوگوں نے غلط فہمیاں پیدا کر دیں،ہم پہلے بھی ساتھی تھے اور آئندہ بھی ساتھی رہیں گے۔انہوں نے بتایا کہ حکومتی کمیٹی اور مسلم لیگ (ق) کی قیادت کے درمیان بہت سے معاملات پر بات چیت ہوئی اور ایک دوسرے کو یقین دہانی بھی کرائی گئی کہ سب فیصلے مل کر کریں گے، ملاقات کے بعد تمام غلط فہمیاں دور ہو گئیں، (ق) لیگ اور ایم کیو ایم سمیت کوئی بھی اتحادی چھوڑ کر نہیں جارہا ٗآئندہ الیکشن تک ہمارا اتحاد جاری رہے گا۔ چودھری مونس الٰہی نے کہا کہ کسی صورت تحریک انصاف کی حکومت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے ٗ (ق) لیگ کو کوئی مائنس ون فارمولا قبول نہیں۔