پاکستان کی پہلی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کرکٹر وقار حسن انتقال کرگئے

665

پاکستان کیلئےاولین ٹیسٹ میچ کھیلنےوالے سابق ٹیسٹ کرکٹر وقار حسن کراچی  میں انتقال کرگئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی پہلی ٹیسٹ ٹیم کے رکن اور سابق چیف سلیکٹر وقار حسن 87 برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملے،مرحوم وقار حسن کی نماز جنازہ کل بروز منگل مسجد شاہین ڈیفینس فیز سکس کراچی میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین بدھ کے روز ڈیفنس فیز 8کے قبرستان میں کی جائے گی۔

وقار حسن1932 میں انڈیا کے شہر امرتسر میں پیدا ہوئے تھے،انہوں نے21 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی،وقار حسن نے پاکستان کی جانب سے 1952 میں بھارت کے خلاف پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا،اپنے کیرئیر کے دوران انہوں نے ایک سنچری اور چھ نصف سنچریاں اسکور کیں۔

وقار حسن پاکستان کی اولین ٹیسٹ ٹیم کے آخری کرکٹر تھے جو حیات تھے مگر اب پاکستان کی اولین ٹیسٹ ٹیم کا کوئی رکن بھی حیات نہیں رہا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا اظہار افسوس

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے وقار حسن کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا،پی سی بی اعلامیے کے مطابق چیئرمین بورڈ احسان مانی نے کہا کہ آج ایک افسوسناک دن ہے کیونکہ آج کی تاریخ میں پاکستان کرکٹ نے  پہلی ٹیسٹ ٹیم میں شامل آخری ستارہ بھی کھودیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وقار حسن نے قومی ٹیم کو دنیائے کرکٹ کے نقشے پر نمودار کیا، ان کا تعلق ان نمایاں کرکٹرز میں سے ہے جنہوں نے پاکستان کو ایک قابل فخر کرکٹ قوم بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ وقار حسن کے ساتھ ان کا ذاتی تعلق بھی تھا اور وہ ان کی بہت عزت کرتے تھے،وقار حسن ایک شاندار کرکٹر کے ساتھ ساتھ ایک عظیم انسان بھی تھے، وہ ایک ذہین اور سمجھدار منتظم تھے جنہوں نے پاکستان کرکٹ کی خدمت کی۔

چیئرمین پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ بورڈ اس مشکل گھڑی میں سابق ٹیسٹ کرکٹر کے اہلخانہ اور دوستوں سے تعزیت کرتا ہے۔