ایس ایس یو ( ایس ڈبیلو اے ٹی)ٹیم دبئی میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کرنے کیلئے تیار،

472

کراچی( اسٹاف رپورٹر)ایس ایس یو ( ایس ڈبیلو اے ٹی)ٹیم دبئی میں منعقد ہونے والے (ایس ڈبیلو اے ٹی) چیلنج میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کرنے کیلئے تیار۔ترجمان ایس ایس یو کے مطابق سندھ پولیس سے ایس ایس یو (ایس ڈبیول اے ٹی) کی چھ ممبر ٹیم دبئی پولیس کے زیر اہتمام متحدہ عرب امارات (ایس ڈبیلو اے ٹی)چیلنج 2020 کے دوسرے ایڈیشن میں حصہ لینے اور فا تح کا تاج پہنے کیلئے بلند حوصلوں کے ساتھ دبئی پہنچ گئی۔

مقابلے 9 سے 13 فروری تک الوروایہ ٹریننگ سٹی دبئی میں منعقد ہوں گے جس میں 30 ممالک سے 54 ٹیمیں پانچ کیٹگریز میں حصہ لیں گی۔ ایس ایس یو ملک کا واحد قانون نافذ کرنے والا یونٹ ہے جو ( آئی ایس او)سرٹیفائیڈ ہے۔ ڈی آئی جی پولیس سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروس ڈویثرن مقصود احمد نے بریفنگ میں بتایا کہ بین الاقوامی ایونٹ لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زید النہیان، نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی سرپرستی میں منعقد ہورہا ہے۔

جس میں چین، پاکستان، چیچنیا،امریکہ، ہالینڈ اور روس کی ٹیمیں بھی شرکت کر رہی ہیں۔ یہ ٹیمیں یرغمالیوں کو آزاد کرانے، چھاپہ بردار کاروائیوں، زخمی افسران کی بازیابی، ٹاور چیلنج کی فرضی مشقوں کے مقابلوں میں حصہ لیکر دنیا کی بہترین فورس کا تاج پہننے کی کوشش کریں گی۔ ججوں کے پینل میں متحدہ عرب امارات اور امریکہ کے 34 ارکان شامل ہیں۔ڈی ایس پی اورنگزیب خان کی سربراہی میں پانچ کمانڈوز پر مشتمل ایس ایس یو سندھ پولیس کی ٹیم ایونٹ میں حصہ لے رہی ہے۔

بین الاقوامی ایونٹ میں ملک کی نمائندگی کرنے والی یہ پہلی ( ایس ڈیبلو اے ٹی) ٹیم ہے۔ ایس ایس یو( ایس ڈبیلو اے ٹی) کی ٹیم اپنے پہلے پروگرام میں روم کامبیٹ اینڈ آفیسر ریسکیو آپریشن کٹیگری میں شرکت کررہی ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام اور ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے پاکستانی ٹیم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔