راولپنڈی ٹیسٹ؛ پاکستان کے نام، اننگز اور 44 رنز سے شکست

458

راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان نے بنگال ٹائیگرز کو اننگز اور 44 رنز سے شکست دیکر دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیش کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 168 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔دوسری اننگز میں نسیم شاہ نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔

دوسری اننگز میں یاسر شاہ نے بھی 4 بنگلا دیشی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد عباس اور شاہین شاہ آفریدی ایک ایک وکٹ حاصل کرسکے ۔

بنگلا دیش کی جانب سے دوسری اننگز میں مومن الحق 41 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ نجم الحسن شنٹو نے 38 اور تمیم اقبال نے 34 رنز کی اننگز کھیلیں۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر بنگلا دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پوری بنگلا دیشی ٹیم 233 رنز پر آؤٹ ہو گئی جبکہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں بابراعظم کے 143، شان مسعود کے 100، حارث سہیل کے 75 اور اسد شفیق کے 65 رنز کی اننگز کھیلیں اور بنگلا دیش پر 212 رنز کی سبقت حاصل کی۔

دوسری اننگز میں بھی بنگلا دیشی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور  صرف 168 رنز تک محدود رہے۔

واضح رہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ کا تیسرا روز پاکستان کیلئے یادگار رہا جس میں نسیم شاہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین بولر کا اعزاز اپنے نام کیا۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم کے ایک اور نوجوان بولر محمد حسنین پہلے ہی ٹی20 کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین بولر کا اعزاز اپنے نام کرچکے ہیں۔