رشوت نہ دینے پر پولیس اہلکار نے شہری کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا ۔

523

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد کے علاقے سعود آباد میں شہریوں پر پولیس اہلکار کے مبینہ تشدد کی ویڈیو سامنے آگئی۔ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے سعود آباد میں پولیس کی مبینہ رشوت خوری پر شہریوں سے مڈ بھیڑ ہوئی، ویڈیو بنانے پر پولیس اہلکار مشتاق نے شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

متاثرہ شہری کے مطابق سعود آباد کے پولیس اہلکاروں نے پیسے مانگے، پیسے نہ دینے پر تشدد کیا گیا۔سعود آباد تھانے کی پولیس نے ویڈیو میں نظر آنے والے اہلکاروں کو شناخت کرلیا، پولیس کے مطابق فوٹیج میں نظر آنے والے اہلکار صبح کی ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔

ویڈیو میں نظر آنے والے اہلکاروں کی شناخت نوید، ندیم اور مشتاق کے ناموں سے ہوئی ہے۔پولیس حکام کے مطابق الزامات ثابت ہونے پر اہلکاروں کے خلاف سخت محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد ایس ایس پی کورنگی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سعود آباد کو تین دن میں انکوائری رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔