اسحاق ڈار کا گھر کی پناہ گاہ میں تبدیلی پر حکم امتناع جاری

505

لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا گھر پناہ گاہ میں تبدیل کیے جانے کے خلاف حکم امتناع جاری کرتے ہوئے حکومت سے 10 روز میں جواب طلب کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں تبسم ڈار کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی جس میں موقف اپنایا گیا تھا کہ عدالت نے اسحاق ڈار کی رہائش گاہ کی نیلامی پر حکم امتناع جاری کررکھا ہے، عدالتی حکم کے باوجود حکومت نے گھر کو پناہ گاہ میں تبدیل کردیا جو سراسر غیر قانونی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت فوری طورپر حکومتی اقدام کو فوری کالعدم قرار دیتے ہوئے پناہ گاہ کو ختم کروائے۔

جسٹس بلال حسن نے درخواست پر سماعت کی تو ابتدائی موقف سننے کے بعد پناہ گاہ بنانا پر حکم امتناع جاری کردیا اور حکومت کو 10 روز میں جواب داخل کرانے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ حکومت نے ماڈل ٹاؤن میں اسحاق ڈار کی رہائش گاہ کو پناہ گاہ میں تبدیل کردیا ہے جس میں پہلی رات 17 افراد نے گزاری، پناہ گاہ میں کھانے پینے اور رہنے کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔